’’میں نے ایوب خاں کے دور میں اسے برا لکھا۔‘‘
محفل میں انکل کی پاٹ دار آواز گونجی۔
’’واقعی؟‘‘ میں نے حیرت کا اظہار کیا۔
’’جی ہاں۔‘‘ انکل کے لہجے میں فخر تھا۔
’’پھر یحییٰ کی حکومت میں اس پر تنقید کی۔
ضیاءالحق کے مارشل لا میں اس کی خامیاں گنوائیں۔
مشرف کے عروج پر اس کے خلاف لکھا۔‘‘
’’واہ انکل۔‘‘ ڈوڈو نے تعریف کی۔
’’آپ کسی اخبار میں لکھتے تھے؟‘‘
’’نہیں تو۔‘‘
’’کسی رسالے میں؟‘‘
’’جی نہیں۔‘‘
’’کسی کتاب میں؟‘‘
’’جی نہیں۔‘‘
’’پھر آپ کس میں لکھتے تھے؟‘‘
میں نے پوچھا۔
انکل نے بتایا،
’’اپنی نوٹ بک میں۔‘‘
