مقابلہ… مبشر علی زیدی

پاپا! ہر کلاس میں کچھ تنگ کرنے والے ہوتے ہیں۔
میری کلاس میں ایک دو نہیں، پورے آٹھ تھے۔
انھوں نے میری زندگی مشکل بنارکھی تھی۔
میں کتاب کھولتی تو ایک قہقہہ لگاتا۔
جب کچھ لکھتی تو دوسرا منہ چڑاتا۔
کبھی کچھ بولتی تو تیسرا مذاق اڑاتا۔
میں گھر آکر بھی روہانسی ہوئی رہتی تھی۔
لیکن میں نے ہمت نہیں ہاری۔
جم کر سب کا مقابلہ کیا۔
خوب محنت کی
اور آٹھوں کو شکست دے دی۔
پاپا! آپ کو یہ جان کر خوشی ہوگی
کہ او لیول کا رزلٹ آگیا ہے
اور میں نے پورے آٹھ ایز حاصل کیے ہیں۔