کبھی کبھی… مبشر علی زیدی

’’آج مجھے تعلیم سے متعلق سیمینار میں جانا ہے۔‘‘
انکل نے بتایا۔
’’لیکن آپ تو ماہرِ تعلیم نہیں ہیں۔‘‘
میں نے اعتراض کیا۔’’ہاں لیکن رکنِ اسمبلی تو ہوں۔‘‘
انکل مسکرائے۔ پھر کہا،
’’کل ایک کتاب کی تقریبِ اجرا میں جانا ہے۔‘‘
’’لیکن آپ تو ادیب نہیں ہیں۔‘‘
میں نے اعتراض کیا۔
’’ہاں لیکن رکنِ اسمبلی تو ہوں۔‘‘
انکل مسکرائے۔ پھر کہا،
’’پرسوں ایک ڈسپنسری کے افتتاح میں جانا ہے۔‘‘
’’لیکن آپ تو ڈاکٹر نہیں ہیں۔‘‘
’’ہاں لیکن رکنِ اسمبلی تو ہوں۔‘‘ انکل مسکرائے۔
میں نے ہولے سے کہا،
’’ہاں آپ رکنِ اسمبلی ہیں۔
کبھی اسمبلی بھی چلے جایا کریں۔‘‘