شاعر مشرق، ڈاکٹر سر علامہ محمد اقبال بیسویں صدی کے ایک مسلم صوفی، معروف شاعر، مصنف، قانون دان، سیاستدان اور تحریک پاکستان کی اہم ترین شخصیات میں سے ایک تھے۔ اُردو اور فارسی میں شاعری کرتے تھے اور یہی ان کی بنیادی وجۂ شہرت ہے۔ شاعری میں بنیادی رجحان تصوف اور احیائے امت اسلام کی طرف تھا۔ علامہ اقبال کی علمی، ادبی و ملی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے نوجوان ادیب حماد الہٰی نے ”تحریکِ پاکستان اور علامہ اقبال‘‘ اور ”علامہ محمد اقبال، افکار و کردار کے آئینے میں‘‘ کے نام سے دو خوبصورت کتابیں تحریر کی ہیں.
ہم سب جانتے ہیں کہ علامہ محمد اقبال نے بڑوں کے ساتھ ساتھ بچوں کے لیے بھی بہت سی نظمیں لکھی ہیں. علاوہ ازیں مکالماتی بیان مثلا مکڑا اور مکھی، پہاڑ اور گلہری، گائے اور بکری کو بھی نہایت خوبصورت پیرائے میں تخیل کا جز بنا دیا۔ کبھی بچے کی دعا کہہ گئے، جو ہر اسکول کے بچے کی زبان پر ہے۔
شاعر مشرق علامہ اقبال حساس دل و دماغ کے مالک تھے. آپ کی شاعری زندہ شاعری ہے جو ہمیشہ مسلمانوں کے لیے مشعل راہ بنی رہے گی. علامہ صاحب بہت بڑی بات انتہائی آسانی سے کہہ جاتے تھے۔ یہی وجہ ہے کہ کلامِ اقبال دنیا کے ہر حصے میں پڑھا جاتا ہے اور مسلمانانِ عالم اسے بڑی عقیدت کے ساتھ زیرِ مطالعہ رکھتے اور ان کے فلسفے کو سمجھتے ہیں. علامہ اقبال انسانی خودی کے قائل تھے. خودی ہی وہ عنصر ہے جو انسانوں کو اسرار شہنشاہی سکھاتی ہے. اقبال نے نئی نسل میں انقلابی روح پھونکی اور اسلامی عظمت کو اجاگر کیا. ان کی کئی کتابوں کے انگریزی، جرمن، فرانسیسی، چینی، جاپانی اور دوسری زبانوں میں ترجمے ہو چکے ہیں.
حیاتِ اقبال پر حماد الہٰی کی ان دونوں مفید اور معلوماتی کتابوں کو ”الہٰی پبلیکیشنز، کراچی‘‘ نے بہت اہتمام سے شائع کیا ہے.
کتاب ”تحریک پاکستان اور علامہ اقبال‘‘ 60 صفحات پر مشتمل ہے اور اس کی اشاعت 2017ء میں عمل میں آئی جب کہ دوسری کتاب ”علامہ محمد اقبال، افکار و کردار کے آئینے میں‘‘ 64 صفحات پر مشتمل ہے اور یہ کتاب 2016ء میں شائع ہوئی. دونوں کتابوں کی قیمت 50 روپے فی کس مقرر کی گئی ہے.
حماد الہٰی او لیول فائنل ایئر کے طالب علم ہیں اور چنیوٹ اسلامیہ سکول، یونیورسٹی روڈ، کراچی میںزیرِ تعلیم ہیں. نوجوان لکھاری حماد الہٰی سائنسی مضامین کے ساتھ ساتھ مطالعہ پاکستان کا بھی بے حد شوق رکھتے ہیں اور فرصت کے اوقات میں تاریخِ پاکستان اور تحریکِ پاکستان و شخصیاتِ پاکستان کے حوالہ سے مطالعہ کرتے رہتے ہیں. سائنس فکشن کے حوالہ سے بھی اُردو اور انگریزی کتابیں آپ کی پسندیدہ ہیں.حماد الہٰی کی آئیڈیل شخصیات میں حضرت محمد ۖ سرِ فہرست ہیں. حماد الہٰی پاکستان کے حوالہ سے بانی پاکستان قائدِ اعظم محمد علی جناح اور ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی شخصیت سے بے حد متاثر ہیں. حماد الہٰی کی تین کتابوں کو نیشنل بک فاؤنڈیشن کی جانب سے صدارتی انعامات مل چکے ہیں.