گزشتہ روز ترکی دارالحکومت انقرہ میں 10 صوبوں میں 10 موبائل کتب خانوں کی ترسیل کے لیے تقریب منعقد ہوئی.
تقریب میں خطاب کرتے ہوئے ترک وزیر ثقافت و سیاحت نعمان قرتلمش نے کہا کہ گزشتہ سال 400،000 افراد نے موبائل کتب خانوں سے فائدہ اٹھایا. انھوں نے امید ظاہر کی کہ یہ اعداد و شمار اس سال مزید بڑھ جائیں گے۔ ان موبائل کتب خانوں کی تازہ ترین ترسیل کے ساتھ ہی مجموعی تعداد 54 تک جا پہنچی ہے. ہر موبائل کتب خانے کو علیحدہ علیحدہ صوبے بھیجا گیا ہے تاکہ اس کی کتابیں اور کمپیوٹرز سے زیادہ سے زیادہ دیہی آبادی مستفید ہوسکے۔
قرتلمش نے کہا کہ “امید ہے کہ اگلے چند سالوں میں ترکی کے تمام 81 صوبوں میں موبائل کتب خانہ کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے گا. لوگوں کو کتابوں کے قریب سے قریب تر کردیا جائے گا”.
وزارت ثقافت و سیاحت کے ماتحت کتابت و اشاعت کے ادارے کے جنرل مینیجر، حامدی ترسوجو نے کہا کہ موبائل کتب خانوں میں 160،000 کتابوں مجموعہ ہے. گزشتہ سال اس نے 1،375 مقامات پر سفر کیا اور تقریبا 90،000 افراد اس سے وابستہ ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ اس تعداد میں اضافہ ہو گا۔
اس تقریب کے بعد دس موبائل لائبریری بسیں آدیامان، آغری، اکسرائے، ارداہان، بنگول، چناق قلعے، کاستامونو، کرک قلعے، مرسین اور یالووا صوبوں کو بھیجی گئیں۔