ترکی زبان میلہ: 46 ممالک سے 540 نوجوان استنبول میں جمع ہوئے

استنبول میں منعقد ہونے والے اس بین الاقوامی میلہ میں ترکی زبان کی محبت سے سرشار دِلوں کے ساتھ 46 ممالک سے 540 نوجوان استنبول میں جمع ہوئے۔ یونس ایمرے انسٹیٹیوٹ کے زیر اہتمام ترکی زبان کے موسمِ گرما پروگرام کے تحت ترکی زبان کے طالبعلموں کی ایک کثیر تعداد ترکی میں جمع ہوئی۔
ترکی زبان کے اس میلے میں ان ثقافتی سفیروں نے دل کی زبان ”ترکی‘‘ کی خصوصیات بیان کیں اور پوری دنیا کے لیے ترکی زبان میں امن، دوستی اور محبت کے پیغامات دیے۔ ترکی زبان سیکھتے ہوئے غیر ملکی طالبعلموں کو ترک ثقافت کو بھی جاننے کا موقع ملا۔
واضح رہے کہ یونس ایمرے انسٹیٹیوٹ سال 2009ء سے لے کر اب تک ترکی زبان و ثقافت کو متعارف کروانے اور دیگر ممالک کے ترکی کے ساتھ دوستانہ و ثقافتی تعلقات کے فروغ کے مقصد کے تحت کاروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔
ترکی زبان کے میلے کا اختتامی پروگرام استنبول میں منعقد کیا گیا جس میں ترک وزیر سیاحت و ثقافت نابی آوجی نے بھی شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نابی آوجی نے کہا کہ اس میلے سے ہم نے دہشت گردی کو بھی ایک پُر معنی اور خوبصورت ترین جواب دیا ہے، کیوں کہ دہشتگردی ہماری روزمرّی زندگی کو مفلوج کرنے، اس نوعیت کی ثقافتی کاروائیوں کو معطل کرنے اور ناممکن بنانے کے لیے مصروف عمل ہے لہٰذا اس تقریب کے ساتھ ہمارا دہشت گردی کے لیے اہم ترین پیغام یہ ہے کہ ہم تمہاری موجودگی کے باوجود اچھے اور نیکی کے کام کرنا جاری رکھیں گے۔
صدارتی دفتر کے تحت یہ میلہ اس سال دوسری دفعہ منعقد ہوا ہے اور میلے میں ترک لوک رقصوں کا مظاہرہ لوگوں کی گہری دلچسپی کا مرکز بنا۔ تقریب میں 15 جولائی کے حملے کے اقدام سے متعلق ویڈیو دکھائی گئی اور صدر رجب طیب ایردوان کی آواز میں دعائیہ شعر سنائے گئے۔