اسلام آباد میں قومی کتاب میلے کا انعقاد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں چار روزہ قومی کتاب میلہ 6 اپریل سے شروع ہوگا جس میں ملک بھرسے اشاعتی اداروں کے علاوہ بیرونی ممالک کے ناشرینَ کتب بھی حصہ لیں گے۔ قومی تاریخ وادبی ورثہ کے لیے وزیراعظم کے مشیر عرفان صدیقی کی زیرصدارت اجلاس میں ’’قومی کتاب میلہ‘‘ کے انعقاد کی باضابطہ منظوری دی گئی۔ قومی تاریخ وادبی ورثہ ڈویژن میں منعقدہ اجلاس میں میلے کے انعقاد کے لیے انتظامات کا جائزہ لیاگیا۔ عرفان صدیقی نے کہاکہ کتاب کا فروغ معاشرے میں امن، بھائی چارے اور انسانی اقدار کے فروغ کا سب سے مؤثر ذریعہ ہے۔ 6 سے 9 اپریل، 2018ء تک پاک چائنہ سنٹر میں قومی کتاب میلے میں 120 سے زائد اسٹالز کی گنجائش رکھی جائے گی۔ کئی دوست ممالک بھی اس میلے میں شرکت کریں گے جن میں چین، ایران، ترکی، مصر، تیونس، تاجکستان، آذربائیجان اور عمان شامل ہیں۔ نیشنل بک فاؤنڈیشن کے مینجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر انعام الحق جاوید نے مشیر وزیراعظم کوبتایا کہ گزشتہ سال تین دنوں میں تقریباً ساڑھے تین لاکھ افراد نے میلے میں شرکت کی اور دو کروڑ روپے کے لگ بھگ کتابیں فروخت ہوئیں۔