پاکستان کی معروف ماڈل، اداکارہ و ٹی وی میزبان جگن کاظم کی بطور مصنفہ پہلی کتاب ’’ماں کے معاملے‘‘ شائع ہو گئی ہے۔ جگن کاظم کا اصل نام سیدہ مہر بانو کاظم ہے. آپ 7 جنوری 1980ء کو لاہور میں پیدا ہوئیں. جگن کاظم ماڈلنگ کے ساتھ پاکستان ٹیلی وژن کے مارننگ شو ’’مارننگ وِد جگن‘‘ کی ہوسٹ ہیں جب کہ گزشتہ کئی سال سے ایک انگلش اخبار میں کالم بھی لکھتی ہیں۔ حال ہی میں ان کی شائع شدہ اس کتاب ’’ماں کے معاملے‘‘ کو انگلش اور اُردو دونوں زبانوں میں شائع کیا گیا ہے۔
اپنی کتاب کے حوالے سے جگن کاظم نے بتایا کہ یہ کتاب ایک ایسے سفر پر مبنی ہے جو میرے دل کے بہت قریب ہے۔ یہ کتاب میرے ماں بننے کے تجربہ پر مبنی ہے۔ یہ بہت ہی ذاتی روداد ہے جو میں نے اپنے اس تجربے میں محسوس کی۔ ماں بننے کا تجربہ زندگی کے کسی تجربے سے مطابقت نہیں رکھتا۔ یہ آپ کی رگ رگ کو تبدیل کر دیتا ہے۔ یہ آپ کی زندگی کو مکمل طور پر بدل کر رکھ دیتا ہے۔ اس کتاب کو لکھنا اچانک فیصلہ نہیں تھا۔ یہ فیصلہ میں بڑے غوروخوض کے بعد کیا تھا۔ اس خیال کے پیچھے یہی سوچ کارفرما تھی کہ حمل جیسے تجربے کو ایک دیسی خاتون کی نظر سے بیان کیا جائے۔ یہ کتاب لکھنے کی دوسری وجہ میرا سنگل مدر ہونا تھا۔ میں دوسری ماؤں کو بتانا چاہتی تھی کہ خوش و خرم مطلقہ ماں کے طور پر زندگی گزارنا بالکل ممکن ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگرچہ ’’ماں کے معاملے‘‘ میری کہانی ہے، لیکن یہ سفر میں نے تنہا طے نہیں کیا۔ اس سفر میں مجھے بہت سے محنتی اور قابل لوگوں کی مدد حاصل رہی جنہوں نے اس کتاب کو اپنا قیمتی وقت دیا اور اپنی مہارت استعمال کرتے ہوئے اسے بہتر سے بہترین بنایا۔ میں ان سب کی شکرگزار ہوں جنہوں نے اس کتاب کو لکھنے میں میری رہنمائی کی۔ ان لوگوں میں انعم ساجد، عدنان بٹ، عمیرہ احمد، مدیحہ ریاض، میرے شوہر سید فیصل نقوی شامل ہیں۔ الف کتاب ڈاٹ کام کی ویب سائٹ پر جگن کاظم کی اس کتاب کے حوالے سے آمنہ ارشد رقم طراز ہیں:
”ہمارے معاشرے میں جب کوئی عورت ماں بننے کے تجربے سے گزرتی ہے تو ہر جانب سے مانگے اور بن مانگے مشوروں کی بوچھاڑ ہونے لگتی ہے۔ بلاشبہ زیادہ تر مشورے ناتجربہ کار خواتین کے لیے بہت کارآمد ہوتے ہیں لیکن کئی باتیں ایسی بھی ہوتی ہیں جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہوتا۔ بہت ساری چیزیں ایسی بھی ہوتی ہیں جنہیں اکثر خواتین غیر اہم جان کر نظر انداز کر دیتی ہیں لیکن ایسی کسی صورتحال سے واسطہ پڑنے کی صورت میں بوکھلا جاتی ہیں ۔ دل و دماغ میں جنم لینے والے بہت سے شبہات کو صرف اس لیے دبا دیتی ہیں کیونکہ پوچھنے میں جھجک آڑے آتی ہے.
بظاہر عام نظر آنے والی ایسی بہت سی باتوں کو جگن کاظم نے حال ہی میں شائع ہونے والی اپنی کتاب Mom Matters کا موضوع بنایا ہے۔۔۔ یہ محض dos and don’ts کی کوئی نصیحت بھری کتاب نہیں ہے بلکہ اس میں وہ سب کچھ ایک مکمل پیکج کی صورت موجود ہے جس کی ضرورت کسی بھی نئی ماں کو پڑ سکتی ہے۔ اپنی جسمانی صحت کا خیال رکھنے کے مشوروں اور بچے کی ضرورت کی اشیاء کی خریداری سے لے کر اس میں خواتین کی نفسیاتی کاؤنسلنگ بھی ہے۔
کتاب میں جہاں بہت سے مخلصانہ مشورے ہیں وہیں کئی چیزوں کو ہلکے پھلکے انداز میں بیان کیا گیا ہے۔ اسے پڑھتے ہوئے کہیں آپ کے چہرے پر بے ساختہ مسکراہٹ امڈآئے گی تو کہیں پر دل اداس ہونے لگے گا۔ جگن کا انداز ہی کچھ ایسا ہے کہ آپ ان کے لیے کچھ محسوس کیے بغیر رہ ہی نہیں پاتے۔‘‘
جگن کاظم کی اس پہلی کتاب ’’ماں کے معاملے‘‘ کو ”الف کتاب پبلیکیشنز‘‘ نے بہت اہتمام سے شائع کیا ہے اور 224 صفحات پر مشتمل اس کتاب کی قیمت 650 روپے مقرر کی گئی ہے. کتاب حاصل کرنے کے لیے اس نمبر پر رابطہ کیا جا سکتا ہے:
0331-5178929