اردوسائنس بورڈ میں مطالعہ کے حوالے سے خصوصی نشست

مطالعہ وکتب بینی علم میں کمال اورزندگی میں کامیابی کے حصول کی بنیادہے؛ ڈاکٹر ناصرعباس نیر
اردوسائنس بورڈ کے زیراہتمام عالمی یوم کتاب کے حوالے سے “مطالعہ کیوں ضروری ہے؟ طلبا مطالعہ کیوں اورکیسے کریں؟‘‘ کے موضوع پر خصوصی نشست منعقد ہوئی جس میں مختلف تعلیمی اداروں کے اساتذہ اورطلبہ وطالبات نے شرکت کی۔

ڈائریکٹر جنرل اردو سائنس بورڈ ڈاکٹر ناصرعباس نیر نے اپنے افتتاحی کلمات میں کہا کہ قوموں کی ترقی میں علم کو بنیادی حیثیت حاصل ہے اورعلم کے حصول کے لیے مطالعہ کتب بینی بے حد اہمیت رکھتے ہیں۔ مطالعہ انسانی صلاحیتوں کو بیدارکرنے کااہم ذریعہ ہے۔ انھوں نے کہا کہ اساتذہ طلبا کو شروع ہی سے مطالعہ کتب کی طرف راغب کریں۔ اساتذہ اور والدین کی ذمہ داری ہے کہ بچوں کو کتاب کی اہمیت سے آگاہ کریں اورانٹرنیٹ پر دستیاب مفید ورمعلوماتی مواد تلاش کرنے اورمطالعہ کے لیے ان کی رہنمائی کریں۔

اس موقع پر انچارج ہابیز چلڈرین لائبریری کمپلیکس محترمہ کوثر جبیں نے طلبا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طلبا کو چاہیے کہ وہ مطالعہ کو اپنی عادت بنالیں۔ ذخیرہ الفاظ اورمعلومات میں اضافہ کے لیے غیر نصابی کتب کے مطالعہ کے لیے لائبریری لازمی جائیں۔ طلبا مطالعہ کے ذریعے ہی اپنی امتحانی کارکردگی مزید بہتربنا سکتے ہیں۔ کامیاب اورعظیم لوگوں کی آپ بیتیوں کامطالعہ کریں۔ معروف مصنف وموٹیویشنل سپیکر رمیض احمد نے اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ حصول علم کے لیے مطالعہ کاشوق پید اکرنا ضروری ہے۔ کتاب سے دوستی کرنے والے لوگ زندگی میں کامیاب ہوتے ہیں۔ ممتازسائسنی ادیب تسنیم جعفری، زاہدہ حمید اورطلبہ وطالبات نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ آخر میں بورڈ کی طرف سے ڈاکٹر ناصرعباس نیر نے طلبہ وطالبات میں کتابوں کے سیٹ کے تحفے تقسیم کیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں