ترکی: جامعہ غازی، انقرہ کے طلباء کا ”کتاب بینک گروپ‘‘

ترکی کے دارالحکومت انقرہ کی ”جامعہ غازی‘‘ (Gazi Üniversitesi) کے طلبا نے 2012ء میں کتاب بینی کو فروغ دینے کے لیے ایک گروپ تشکیل دیا جس کا نام ”SKS Kitap Bankosu Topluluğu‘‘ رکھا گیا. تفصیلات کے مطابق جامعہ غازی کی سائنس فیکلٹی کے شعبہ شماریات سے تعلق رکھنے والے چند طلبا نے رضا کارانہ طور پر اس مہم کا آغاز کیا جس کا بنیادی مقصد ترکی میں کتب پڑھنے والوں کی تعداد میں واضح اضافہ کرنا تھا. اس پراجیکٹ کو ”جامعہ غازی‘‘ (Gazi Üniversitesi) کی جانب سے مکمل تعاون فراھم کیا گیا تا کہ 150 رضاکاروں کی مدد سے انقرہ کے 45 مختلف سکولوں کے، کتابیں پڑھنے والے 15000 طلبا کی تعداد میں مزید اضافہ کیا جا سکے. ”Rafta Tozlanmasın Gönder Okuyalım‘‘ نامی اس مہم کے ذریعے مختلف سکولوں اور ہسپتالوں میں‌ لائبریریاں بنائی گئیں جن میں مختلف کرم فرمائوں کے تعاون سے 40,000 کتب مہیا کی گئیں.

اس کے علاوہ اس کلب کی دیگر سرگرمیوں میں کتاب بینی، بحث و مباحثہ کے پروگرام، کتابوں پر مصنفین کے دستخط لینا، کتابوں کے میلے میں‌ شرکت، ہفتہ لائبریری کا انعقاد اور نہ صرف بچوں اور نوجوانوں بلکہ عام لوگوں میں کتاب بینی کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا ہے. اس گروپ کے دیگر مقاصد میں رضاکاروں اور متحرک لائبریریوں کی تعداد میں اضافہ، تین لاکھ طلبا میں ایک ارب کتابوں کی تقسیم کے ساتھ ساتھ انقرہ میں بچوں اور نوجوانوں کے لیے کتاب میلے کا انعقاد شامل ہے.

اس گروپ کے ذریعے ایک موبائل لائبریری کا قیام بھی عمل میں آیا جس کے ذریعے، کتب بینی کے فروغ کے لیے انقرہ کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا جاتا ہے اور مطالعہ کتب اور کتب بینی کے مشغلہ کو عام کیا جاتا ہے.

موبائل لائبریری کی بس آرائش سے پہلے اور بعد میں

اس گروپ کے اغراض و مقاصد درج ذیل ہیں:
1. ترکی میں شرح خواندگی میں اضافہ کے لیے کام کرنا،
2. بچوں اور نوجوانوں میں‌ کتاب بینی کا شوق بیدار کرنا،
3. کتابوں سے محبت کرنے والوں کو ایک چھت تلے جمع کرنا،
4. ترکی ادب کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا اور نئے شاعروں اور ادیبوں کے لیے راہ ہموار کرنا،
5. نوجوانوں، شاعروں اور ادیبوں کے مابین معلومات اور باہمی تجربات کی روشنی میں‌ تعاون بڑھانے کو یقینی بنانا،
6. یونیورسٹی کے طلبا، نوجوانوں اور بچوں کی شخصیت کی نشونما میں تعاون کرنا،
7. ضائع شدہ کتب کی بازیابی کو یقینی بنانا،
8. مختلف سوالناموں کے ذریعے معاشرے میں شرح خواندگی اور کتب بینی کے شوق کے حوالے سے اعداد و شمار اکٹھے کرنا،
9. یونیورسٹی کے طلبا میں سماجی ذمہ داری اور رضاکارانہ کاموں کا شعور بیدار کرنا،
10. مختلف سرگرمیوں کے ذریعے معاشرے میں کتابوں سے محبت اور مطالعہ کا شعور اجاگر کرنا،
11. سماجی رابطوں کی مختلف ویب سائٹس پر مطالعہ کتب کا شعور بیدار کرنے کے لیے سرگرمیوں کا انعقاد،
12. مطالعہ کتب کے حوالے سے مختلف مقابلے منعقد کرنا،
13. ضرورت مند سکولوں میں لائبریریوں کا قیام،
14. سائنسی تعلیمی اداروں، بچوں کے ادیبوں، لکھاریوں اور اساتذہ کی مدد سے بچوں کے ادب اور بچوں کی کتب کے حوالے سے تربیتی ورکشاپوں کا انعقاد،
15. دیگر یونیورسٹیوں کے طلبا کے ساتھ مشترکہ سرگرمیوں کا فروغ،
16. کتاب میلوں میں شرکت کے لیے تعلیمی و تفریحی دوروں کا انتظام،
اور
17. اس پروجیکٹ کی اہلیت بڑھانے کے لیے مخلتف وزارتوں (وزارتِ کھیل اور امورِ نوجوانان اور یورپی یونین کی وزارت) کی جانب سے گرانٹس کو بڑھانے کے لیے کوشش کرنا.

گروپ کے بنیادی اراکین:

دیگر کارکنان:

اس سرگرمی کی معلوماتی ویڈیو:

ترکی: جامعہ غازی، انقرہ کے طلباء کا ”کتاب بینک گروپ‘‘” ایک تبصرہ

  1. TURKEY THE GREAT AND I LOVE HIS PRESIDENT TAYYAB ARDAGAN .MEHBOOB ELAHI MAKHMOOR ,EDITOR, MONTHLY ANOKHI KAHANIYAN KARACHI

تبصرے بند ہیں