جنوبی کوریا: یوٹیوب پر مقبول ہونے والی ویڈیوز میں اکثر نئی معلومات، گفتگو، طنزو مزاح یا فلمی دنیا کی افواہیں اور خبریں ہوتی ہیں لیکن جنوبی کوریا کے ایک یوٹیوبر نے کئی گھنٹوں تک بہت پرسکون ماحول میں اپنے پڑھنے کی ویڈیوز اپ لوڈ کی ہیں جس میں اس نے ایک لفظ بھی نہیں بولا ہے اور اس کے باوجود ویڈیوز دیکھنے والوں کی تعداد لاکھوں میں ہیں اور اس چینل کے سبسکرائبر کی تعداد اب 3 لاکھ 30 ہزار صارفین سے تجاوز کرچکی ہے۔
جنوبی کوریا کے اس محنتی طالب علم کی ویڈیو کا دورانیہ سات گھنٹے تک طویل ہے جس میں انہیں نوٹس لیتے، لکھتے اور پڑھتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ وہ اپنے تعلیمی مشاغل کی لائیو ویڈیو بھی اسٹریم کرتے ہیں اور ہزاروں لوگ اسے براہِ راست دیکھ کر اس پر تبصرہ بھی کرتے رہتے ہیں۔
اس ویڈیو کا کوریائی نام ”بوٹ نو جیئم‘‘ (Bot No Jaem) رکھا گیا ہے جس کے مطلب ”ایک روبوٹ جسے تفریح میسر نہیں‘‘ ہے۔ یہ طالب علم جنوبی کوریا میں روز بروز مقبول ہورہا ہے اور اس کی ویڈیو کا ایک ہی عنوان ہوتا ہے، ”میرے ساتھ پڑھو‘‘۔ ان میں سے ایک ویڈیو کم سے کم چھ گھںٹے طویل ہے۔
طالب علم کی پہلی ویڈیو ایک سال پہلے منظرِ عام پر آئی تھی اور اس نے براہِ راست ویڈیو گزشتہ ماہ سے نشر کرنا شروع کی ہیں۔ یہ طالب علم پولیس افسر بننے کے امتحانات کی تیاری کررہا ہے اور مکمل خاموشی میں توجہ سے پڑھتا دکھائی دیتا ہے۔ حیرت انگیز بات یہ ہے کہ اس کے چہرے کے تاثرات بہت کم نمایاں ہیں اور یہ بہت ہی کم حرکت کرتا ہے۔ بعض صارفین نے کہا ہے کہ نوجوان کی صورت اور انداز جنوبی کوریا کے مشہور پاپ گلوکار سے بھی ملتی ہے۔
پیر، منگل، بدھ، جمعرات اور ہفتے کو اس کی براہِ راست ویڈیو شام چار سے رات گیارہ بجے تک دیکھی جاسکتی ہے تاہم اس نوجوان نے اپنے ویڈیو بلاگز بھی پوسٹ کیے ہیں جن میں اسے باہر جاتے، کھانا کھاتے اور ورزش کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ اس کے ٹویٹر اکاؤنٹ کے بھی 4200 فالوورز ہیں۔