بوسٹن: امریکا میں 1970ء سے قائم شدہ ”دی ٹریولر ریستوران‘‘ (The Traveler Restaurant) میں ہر کھانے والے گاہک کو ایک کتاب بلا معاوضہ، تحفے میں دی جاتی ہے۔ 1993ء میں اگرچہ اس ریستوران کے مالکان بدل گئے لیکن مفت کتاب کا تحفہ دینے کی روایت جاری رہی اور اسے مزید بہتر بنایا گیا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ یہاں آنے والے افراد بھی کتب بینی کے شوقین ہوتے ہیں اور اب تک یہاں سے 25 لاکھ کتابوں کا تحفہ دیا جاچکا ہے۔ لائبریری سے کتابیں لانے کےلیے ان کے پاس ایک 16 فٹ طویل کنٹینر بھی موجود ہے۔
ریستوران کے مالک نے بتایا ”ہم ایک ہفتے میں ایک سے دو ہزار کتابیں دیتے ہیں اور ایک شخص تین کتابیں بھی لے جا سکتا ہے۔ یہ کتابیں ہم لائبریری کے پرانے اسٹاک سے حاصل کرتے ہیں لیکن سب سے زیادہ تعداد خود گاہکوں کی ہے جو کتابیں لاکر ہمارے پاس چھوڑ جاتے ہیں۔ اب یہ حال ہے کہ روزانہ ہمیں کتابوں کے عطیات موصول ہوتے ہیں۔‘‘
اس وقت ہوٹل میں 10 ہزار کتابیں موجود ہیں اور بسا اوقات ہفتے میں 4 مرتبہ لائبریری سے کتابیں یہاں آتی ہیں۔ یہ ریستوران ایک ایسی جگہ واقع ہے جہاں بہت کم آبادی رہتی ہے۔ میسا چیوسٹس سے کنیکٹی کٹ آتے ہوئی ”آئی 84‘‘ نامی شاہراہ پر یہ ریستوران واقع ہے۔ یہاں سائنس سے لے کر ادب تک ہر موضوع اور عنوان پر کتابیں کسی لائبریری کی طرح رکھی گئی ہیں۔
ریستوران کی دیواروں پر بہت سے مشہور مصنفین کی آٹو گراف شدہ تصاویر بھی موجود ہیں۔ ٹریولر ریستوران صبح سات بجے کھل جاتا ہے اور رات کو آٹھ بجے تک یہاں لوگ آتے رہتے ہیں۔