روس اور سوئٹزرلینڈ کے کتب خانے

روس کی نیشنل لائبریری (The National Library of Russia) ایک قدیم لائبریری ہے جو 27 مئی، 1795ء کو قائم ہوئی. اس لائبریری میں کتابوں کی تعداد ایک کروڑ، 50 لاکھ سے زائد ہے۔ جب کہ اس لائبریری میں موجود کل مواد، بشمول کتب، جرنلز، رسائل، نقشے، ڈاک ٹکٹ، موسیقی کے ریکارڈز، ڈرائنگز اور پینٹنگز کی تعداد 6 کروڑ 60 لاکھ سے زائد ہے.

یہ لائبریری شمال مغربی روس کے اہم ترین ثقافتی مرکز اور بندرگاہ سینٹ پیٹرز برگ (Saint Petersburg) میں واقع ہے. اس لائبریری کو تاریخ کے مختلف ادوار میں ”امپیریل پبلک لائبریری‘‘ (1795ء سے 1917ء تک)، ”رشین پبلک لائبریری‘‘ (1917ء سے 1925ء تک) اور ”سٹیٹ پبلک لائبریری‘‘ (1925ء سے 1992ء تک) جیسے ناموں سے پکارا جاتا رہا ہے. اس لائبریری کا شمار دنیا کی عظیم ترین لائبریریوں میں ہوتا ہے. لائبریری مواد کے حوالے سے یہ روس کی دوسری بڑی لائبریری ہے.

1795ء میں ”امپیریل پبلک لائبریری‘‘ کا قیام روس کی عظیم ترین ملکہ ”کیتھرین دی گریٹ‘‘ (Catherine II) کے ہاتھوں عمل میں آیا. اس لائبریری میں بہت قیمتی کتابیں موجود ہیں۔ یہ لائبریری ان کتب کے کیٹلاگ کا رڈ کے ہزاروں سیٹ تیار کرتی ہے جو ویٹی کن لائبریری (The Vatican Apostolic Library) اور لائبریری آف کانگرس (The Library of Congress) میں تبادلہ کے طور پر بھیجے جاتے ہیں۔ روس میں دنیا کے دوسرے ممالک کے مقابلے میں کتابوں کی اشاعت بہت زیادہ ہوتی ہے۔ یہ عظیم لائبریری روسی ناشروں کی تمام مطبوعات کی ایک ایک کاپی وصول کرتی ہے۔ اس کے علاوہ اس لائبریری میں بے شمار نجی ذخائر بھی جمع ہیں جو روسی بالشوویک انقلاب (Russian Bolshevik Revolution) کے بعد سرکاری تحویل میں لے لیے گئے تھے۔

ماسکو میں واقع ”رشین سٹیٹ لائبریری‘‘ (The Russian State Library) بھی ایک بہت بڑی لائبریری ہے جس کا قیام 1862ء میں عمل میں آیا. اس لائبریری کا پرانا نام ”لینن میموریل لائبریری‘‘ تھا. اس لائبریری کا ذخیرہ 4 کروڑ سے زیادہ کی تعداد میں ہے. اس طرح یہ بھی دنیا کی ایک بڑی لائبریری ہے۔

یورپ کی جدید لائبریریوں میں ”سوئس نیشنل لائبریری‘‘ (The Swiss National Library) بھی ہے جو سوئٹزرلینڈ کے وفاقی شہر برن (Bern) میں 1895ء میں قائم کی گئی. اس مشہورِ زمانہ لائبریری کا ذخیرہ 50 لاکھ سے زیادہ ہے۔ 1931ء میں اس کی جدید عمارت کی تکمیل ہوئی۔ سوئٹزر لینڈمیں چھپنے والی تمام مطبوعات کی ایک ایک کاپی اس لائبریری میں رضاکارانہ طور پر جمع ہوتی ہے۔ یہ لائبریری نئی مطبوعات کی ایک ماہانہ فہرست بھی شائع کرتی ہے اور اس کے علاوہ ببلیو گرافی اور سو سے زیادہ کتب خانوں کے یونین کیٹلاگ کی تیاری کے فرائض بھی انجام دیتی ہے۔

(شرافت علی، دنیا نیوز / کتاب نامہ)