قیوم نظامی کی کتاب ”معاملاتِ انسان اور قرآن‘‘ – بینش توصیف خان

کچھ عرصہ قبل، بذریعہ انٹرنیٹ قیوم نظامی صاحب کی کتاب ”معاملاتِ انسان اور قرآن‘‘ اور ”معاملات رسول ﷺ” کے سرورق دیکھنے کا اتفاق ہوا۔ یوں دل میں ایک خواہش جاگی کہ کاش میری ملاقات قیوم نظامی صاحب سے ہوسکے اور یہ کتاب اُن سے بطور تحفہ ملے۔ کہتے ہیں کہ انسان سچے دل سے جس چیز کی تمنا کرتا ہے اور اللہ بھی اس خواہش میں جب برکت ڈال دے تو وہ خواہش پوری ہوجاتی ہے۔ قیوم نظامی صاحب سے نہ صرف میری ملاقات ہوئی بلکہ انہوں نے تحفے میں اپنی کتاب ”معاملاتِ انسان اور قرآن‘‘ بھی دی۔
قیوم نظامی صاحب نے اپنے قلم اور علم کی طاقت سے قوم کو مذہبی، معاشرتی اور سیاسی صورتحال سے ہمیشہ آگاہ کیا ہے۔ وہ ایک باکمال، پُروقار شخصیت اور قلم کار ہیں. ان کا سیاست سے بھی تعلق رہا ہے۔ قیوم نظامی صاحب روزنامہ نوائے وقت کے کالموں میں اپنی بہترین تجزیہ نگاری کے ذریعے قوم کو مستفید بھی کر رہے ہیں۔ انہوں نے سیاسی اور مذہبی موضوعات پر کئی کتابیں بھی لکھی ہیں۔
ان کی کتاب ”معاملاتِ انسان اور قرآن‘‘ جیسا کہ نام سے ہی ظاہر ہے کہ اس کتاب میں قرآن پاک اور انسا ن سے متعلق معلومات درج ہوں گی۔ قیوم نظامی صاحب نے قرآن پاک کو ترجمے کے ساتھ پڑھنے اور سمجھنے کے بعد اس کتاب کو مُرتّب کیا ہے۔ انہوں نے قرآن کے وہ تمام مضامین جو حقوق العباد، اخلاقیات، عبادات، آداب اور ضابطہ حیات سے متعلق ہیں، آیات کا حوالہ دیتے ہوئے مُرتّب کیے ہیں، جنہیں باآسانی سمجھا جا سکتا ہے۔ یہ کتاب قیوم نظامی صاحب کی ”اللہ اور قرآن‘‘ سے محبت کا واضح ثبوت ہے۔
اس کتاب کو جہانگیر بُکس نے شائع کیا ہے۔ اگر ہم اس کتاب کے سرورق کی بات کریں، تو یہ عنوان کی مناسبت سے جاذبِ نظر ہے، جس پر ”خانہ کعبہ‘‘، ”روضہ ِ رسول ﷺ‘‘ اور ”قرآن‘‘ کی تصویر کے ساتھ زمانہ عرب کی جھلک بھی دکھائی گئی ہے۔
کتاب کے آغاز میں جناب قیوم نظامی نے بتایا کہ کیسے وہ قرآن کو ترجمے سے پڑھنے کی طرف راغب ہوئے اور اس کے بعد انہوں نے اس کتا ب کو مُرتّب کیا۔ قیوم نظامی صاحب لکھتے ہیں کہ: ”قرآن ایک جامع، مکمل اور واضح کتاب ہے لیکن ہم نے اللہ تعالی ٰ کے حکم کے مطابق قرآن پر غور و فکر اور اس پر عمل کرنے کی بجائے اسے محض ثواب کی کتاب سمجھ رکھا ہے۔‘‘ اس کتاب میں مُرتّب کردہ تمام مضامین سے متعلق قرآن کی ان آیات کا ترجمہ بھی ساتھ لکھا گیا ہے، مزید سورۃ اور آیت کے نمبرز بھی حوالے کے طور پر ساتھ دیے گئے ہیں۔ قیوم نظامی صاحب نے ان آیات کی تفصیلات کو بخوبی آسان الفاظ میں بیان کیا ہے۔ اس کے علاوہ احادیث بھی بخاری شریف، ترمذی اور مسلم کے حوالے کے ساتھ بیان کی گئی ہیں۔
کتاب کے آخر میں ایک باب ”قرآنی آداب و تعلیمات‘‘ کے عنوان سے ہے۔ اس باب میں 135 آیات کا بامحاورہ مفہوم، آسان اُردو میں بیان کیا گیا ہے، جو کہ نا صرف بڑوں بلکہ بچوں کے لیے ذہن نشین کرنا بھی بہت آسان ہے۔ یہ تمام وہ باتیں ہیں جو اللہ نے اپنے بندوں کے لیے قرآن میں فرمائی ہیں، جن پر آسانی سے عمل کر کے زندگی کو سہل بنایا جا سکتا ہے اور آخرت میں بہترین درجہ حاصل کیا جاسکتا ہے۔
قارئین سے گزارش ہے کہ آپ خود بھی یہ کتاب ”معاملاتِ انسان اور قرآن‘‘ پڑھیں اور اپنے دوست احباب کو بھی پڑھنے کی ترغیب دیں۔ بطور تحفہ دینے کے لیے بھی یہ ایک عمدہ کتاب ہے۔
اللہ تعالیٰ سے دُعا ہے کہ وہ قیوم نظامی صاحب کی اس کاوش کو قبول فرمائے اور ہمیں قرآن کو ترجمے کے ساتھ پڑھنے اور اس پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے، آمین یا ربّ العالمین.

2 تبصرے “قیوم نظامی کی کتاب ”معاملاتِ انسان اور قرآن‘‘ – بینش توصیف خان

  1. اسلام علیکم رحمۃ اللہ و برکاتہ. بھائی میرا تبصرہ یےھے کے انُترنت پرمعاملات انسان اور قرآن کی کتابت ھوں. براےمہربانی…….

تبصرے بند ہیں