ترکی کا معتبر اور باوقار ”نجیب فاضل ایوارڈ‘‘ پاکستان کے شہرہ آفاق شاعر، مصنف اور ہر دل عزیز شخصیت امجد اسلام امجد کو دیا جائے گا.
جمہوریہ ترکی کی وزارت تہذیب و ثقافت کے تحت ترکی کے ”ستار‘‘ نامی اخبار کی جانب سے ہر سال دیئے جانے والا بین الاقوامی نجیب فاضل ایوارڈ اس سال پاکستان کے نامور شاعر اور ادبی شخصیت امجد اسلام امجد کو دیا جائے گا.
واضح رہے کہ نجیب فاضل قیصاکورک (Necip Fazıl Kısakürek) (پیدائش: 26 مئی 1904ء، وفات: 25 مئی 1983ء) ترکی کے عظیم شعراء میں سے ہیں جن کے اپنی شاعری، فکشن اور سیاسی تحریروں کے ذریعے پیش کردہ خیالات و تصورات نے ترکی کی نئی نسلوں پر گہرے اثرات مرتب کئے ہیں. آپ کا شمار ترکی کے عظیم مفکرین اور مستقبل کے فکری معماروں میں ہوتا ہے۔
اس معتبر ایوارڈ کی تقریب تقسیم 21 دسمبر کو ترکی کے شہر استنبول میں ہو گی جس میں ترکی کے صدر جناب محترم رجب طیب ایردوان صاحب بھی شرکت کرکے ایوارڈ یافتگان کو ایوارڈ تقسیم کریں گے.
اس ایوارڈ کے ملنے کے بعد 23 دسمبر، بروز پیر، دو بجے بعد از ظہر، استنبول یونیورسٹی، شعبہ اُردو کی جانب سے جناب امجد اسلام امجد صاحب کے اعزاز میں ایک تقریب کا اہتمام کیا جائے گا جس میں پاکستان کے استنبول میں مقیم قونصل جنرل بلال خان پاشا صاحب، استنبول یونیورسٹی اور فاتح سلطان محمد یونیورسٹی کے ریکٹر حضرات، استنبول یونیورسٹی، ادبیات فیکلٹی کے ڈین اور دیگر اہم ہستیاں تشریف فرما ہوں گی.