آمنہ مفتی کا ناول ”جراتِ رندانہ‘‘ – سمیرا انجم

کتاب پڑھنے کی چاہت مجھ میں کبھی معدوم نہیں ہو سکتی۔ مدھم ہونے کی کیفیات تو ہوتی رہتی ہیں۔ مصروف و فرصت کے شب و روز گزر رہے تھے کہ اک دن پیاری دوست فہمیدہ فرید خان، جو خود بھی بہت اچھا لکھتی ہیں اور حال ہی میں اپنا پہلا آن لائن ناول مکمل کر چکی ہیں (شنید ہے کہ جلد شائع ہو کر قارئین کے ہاتھوں میں ہوگا) نے مجھ سے میری پسند کی کتاب، جو میں پڑھنا چاہتی ہوں، کے بارے استفسار کیا۔ مجھے تو اک سے زیادہ کتب کی تلاش و چاہ رہتی ہے، وہ الگ بات کہ بہت سی کتابیں میری للچاتی نگاہوں میں اٹکی ہوئی ہیں اور ان کے نام کسی مخلص دوست کے سامنے لینے میں ہچکچاتی ہوں لیکن اس دن کچھ ایسے موڈ میں تھی تو کہہ دیا ہاں مجھے اک سفرنامے کی تلاش ہے جو صحرا تکلمکان کے بارے میں ہے۔ پی ڈی ایف یا آن لائن کتب پڑھنے کا میرا کھاتہ تقریباً صفر ہے. یہ سفرنامہ پی ڈی ایف میں شاید میسر ہے۔ خیر فہمی نے کہا بس ٹھیک ہے میں تلاش کرتی ہوں۔ لیکن پھر ان کی تلاش بھی ناکام ہوئی تو مجھ سے پوچھا: آپ نے آمنہ مفتی کو پڑھا ہے میرا جواب تھا نام سنا ہے لیکن انہیں پڑھا نہیں ہے۔ تو پھر ان کی طرف سے یک نہ شد دو شد والا معاملہ ہوا۔ اک دن ہم جب گھر آئے تو اک سرپرائز پارسل ہمارے لیے موجود تھا۔ اب تجسس تھا کہ فہمی سے کی گئی اس کتب گفتگو کو بھی دو ماہ تو ہو ہی چکے تھے. تو یہ کلی طور پر سرپرائز ہی تھا۔ پارسل کھولا تو دو ناول میرے نام کے موجود تھے۔ ان میں سے ایک “جرات رندانہ” کم ضخیم تھا تو سوچا پہلی بار پڑھنا ہے اسی سے شروعات کرتے ہیں۔
ناول کی بنت نے شروع سے ہی گرفت میں لے لیا۔ سادہ اسلوب کا یہ ناول مجھے قرۃ العین حیدر، بانو قدسیہ اور الطاف فاطمہ کے اسلوب کی یاد دلا گیا۔ناول کا پلاٹ اک سادہ سی کہانی پر مشتمل ہے۔ قاری کو کسی قسم کی پہیلیاں یا پس تحریر گتھیاں سلجھانے کی فکر سے آزاد اک رواں تحریر لیے ہوئے۔ آمنہ مفتی کا یہ پہلا ناول ہے۔ سر زمین پاکستان سے جڑے رہنے، اپنے خوابوں کو مکمل کرنے کے لیے کچھ ایسے فیصلے لینے والوں کے بارے جو شاید عمومی طور پر قابل قبول نہ ہوں جب کہ بہترین رستے چننے، آسان زندگی اختیار کرنے کی راہیں بھی کھلی ہوں۔ یا پھر آسان زندگی کو حاصل کرنے میں زندگی کو داؤ پر لگانے والی راہیں اختیار کرنے والوں کی زندگی کے نشیب و فراز کا اس ناول میں خوبصورت بیان ہے۔ جرات رندانہ کا نہ ہونا اور پھر اس پر قناعت کر لینا جو حقیقت میں جوں اور جیسا ہو…
مجموعی طور پر کچھ کتابت کی غلطیوں کے سوا یہ بلاشبہ اک اچھا ناول ہے۔ اس خوبصورت ناول کو الفیصل ناشران کتب، لاہور نے شائع کیا ہے.

آمنہ مفتی کا ناول ”جراتِ رندانہ‘‘ – سمیرا انجم” ایک تبصرہ

  1. بہت شکریہ سمیرا انجم اس عزت افزائی کیلئے 😊

اپنا تبصرہ بھیجیں