جنوبی کوریا کی کتاب ٹرین – سمیرا انجم

قارئین کرام، تذکرہ ہے جنوبی کوریا کی کتاب ریل گاڑی کا کہ جس میں سفر کے ساتھ ساتھ مطالعہ کتب سے بھی لطف اندوز ہوا جا سکتا ہے. کتابوں کی دلفریب خوشبو جس ریل گاڑی میں پھیلی ہوئی ہے یہ کتاب ریل گاڑی جنوبی کوریا میں گیونگی لائن (Gyeongui Line) کے ساتھ پٹری پر پاجو (Paju) میں منسین اسٹیشن (Munsan Station) سے یونگ پیونگ (Yangpyeong) میں یانگ من اسٹیشن (Yongmun Station) سٹیشن تک، 124 کلومیٹر کا فاصلہ، فراٹے بھرتے ہوئے طے کرتی ہے.

ریل گاڑی کی ایک بوگی میں کتب کی الماری، چار شیلفوں کے ساتھ مزین ہے۔ اس الماری میں مختلف انواع کی کم و بیش پانچ سو کتب موجود ہیں جن میں علم و ادب، ناول، شاعری اور الف لیلوی داستانوں کی کتابیں شامل ہیں۔ کتب کی اس الماری کے ساتھ چار الیکٹرانک ڈیوائسز نصب ہیں جن میں عالمی ادب پر مشتمل انواع و اقسام کی ای کتب موجود ہیں.
جیسے ہی مسافر کتاب ریل پر سوار ہوتے ہیں وہ خود کو اک چھوٹی سی لائبریری میں موجود پاتے ہیں اور بے ساختہ کہہ اُٹھتے ہی: ارے واہ! لاجواب! یہ تو بہت خوب ہے۔
اک مسافر کا کہنا تھا کہ ”یہ کتب میرے سفر کو خوش گوار بنا دیتی ہیں۔ بجائے یہ کہ میں اپنی منزل آنے تک، ہمہ وقت اپنے موبائل کے ساتھ بیزاری میں وقت گزاروں، میں کوئی کتاب پڑھ سکتا ہوں۔ یہ ریل لائبریری بہت اچھا اقدام ہے۔‘‘
ریلوے پٹریوں پر دوڑتی یہ لائبریری ریل ہر مہینے کچھ علمی سیریز کی تقریبات کے انعقاد کا اہتمام بھی کرتی ہے جن میں مصنفین سے گفتگو و دیگر پروگرام شامل ہیں۔ سب سے اہم بات یہ کہ سب کے لیے مسافروں کو کوئی بھی اضافی کرایہ ادا نہیں کرنا پڑتا۔ اُن کو صرف اپنی منزل تک کا ٹکٹ خریدنا ہوتا ہے اور بس!

روزانہ کی بنیاد پر پہ چھوٹی ریل لائبریری ینگ من اسٹیشن (Yongmun Station) اور من سن اسٹیشن (Munsan Station) کے مابین مختلف اوقات میں دوطرفہ سفر کرتی ہے. ٹرین کے اس ڈبہ کی آخری دیوار پر ایک لائبریری کا بڑا سا عکس لگا کر ماحول کو مزید خوب صورت بنایا گیا ہے.

2 تبصرے “جنوبی کوریا کی کتاب ٹرین – سمیرا انجم

  1. bohat shandar bohat umdah parh kar khushi hoi kay log kutub benni ki taraf ragib ho rahay han. Pakistan man kash essa ho jaay. MEHBOOB ELAHI MAKHMOOOR

  2. بہت شکریہ محبوب الہیٰ مخمور صاحب، ہمیں خوشی ہے کہ آپ جیسے کتاب دوست معاشرے میں ادب اور کتب بینی کے فروغ میں کوشاں ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں