معروف دانشور اور ماہرِ سیاسیات فرخ سہیل گوئندی کے والد یعقوب گوئندی کی وفات

لاہور: معروف دانشور، سماجی رہنما، ماہرِ سیاسیات، ترک امور کے ماہر، مشہور ناشر اور متعدد کتابوں کے مصنف فرخ سہیل گوئندی کے والد محمد یعقوب گوئندی حرکت قلب بند ہونے سے گزشتہ روز لاہور میں انتقال کر گئے۔ انا للہ وانا الہ راجعون. مرحوم یعقوب گوئندی ایک اعلیٰ انسان تھے اور آپ نے اپنی ساری زندگی شرافت اور رزقِ حلال کے ساتھ بسر کی۔

محمد یعقوب گوئندی سرگودھا میں پیدا ہوئے اور اوائل جوانی ہی میں وہ سرگودھا کی ادبی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے رہے. آپ نے اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ مل کر سرگودھا میں روزنامہ ’’پیام قائد‘‘ بھی کئی سال شائع کیا۔ وہ پاکستان کے ان پانچ لوگوں میں سے تھے جو پرفیوم بنانے کے فن سے آشنا تھے۔ انہیں گزشتہ روز کینٹ لاہور میں نماز جنازہ کے بعد سپردخاک کر دیا گیا۔ پاکستان کے مختلف ادبی، سیاسی، مذہبی اور صحافتی حلقوں نے فرخ سہیل گوئندی کے والد یعقوب گوئندی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور سوگوار خاندان سے دلی ہمددری اور تعزیت کی.

ادارہ ”کتاب نامہ‘‘ فرخ سہیل گوئندی اور ”جمہوری پبلیکیشنز، لاہور‘‘ کے اراکین کے غم میں برابر کا شریک ہے اور مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے دعا گو ہے. اللہ تعالٰی مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائیں اور غمزدہ خاندان کو صبرِ جمیل عطا فرمائیں، آمین۔
یاد رہے کہ محمد یعقوب گوئندی کی یادداشتوں پر مشتمل خودنوشت کی اشاعت کے حوالے سے ”جمہوری پبلیکیشنز، لاہور‘‘ کے زیرِ اہتمام، کام جاری ہے. امید ہے تدوین و اشاعت کا مرحلہ طے کر کے جلد ہی یہ خودنوشت قارئین کے ہاتھ میں ہو گی.