پاکستان کے ممتاز محقق ڈاکٹر ندیم شفیق ملک وفات پا گئے.

نامور ادیب، ماہرِ اقبالیات و سیاسیات، ماہر بین الاقوامی تعلقات و قومی سلامتی، ممتاز محقق اور کتاب دوست ڈاکٹر ندیم شفیق ملک انتقال کر گئے۔ ذرائع کے مطابق ڈاکٹر ندیم شفیق ملک کو طبیعت خراب ہونے پر ہسپتال منتقل کیا گیا، لیکن وہ جانبز نہ ہو سکے۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق ڈاکٹر ندیم شفیق ملک کا انتقال ہارٹ اٹیک کی وجہ سے ہوا اور وہ ہسپتال پہنچنے سے قبل ہی خالق حقیقی سے جاملے۔
ان کی نمازہ جنازہ، جمعہ کی نماز کے بعد راولپنڈی میں ادا کی گئی۔ ڈاکٹر ندیم شفیق ملک ان دنوں حکومتِ پاکستان کے ادارے پرنٹنگ کارپوریشن آپ پاکستان میں بطور مینجنگ ڈائریکٹر تعینات تھے۔

قائدؒ اور اقبالؒ سمیت تحریک و تاریخِ پاکستان و برِ صغیر، بین الاقوامی تعلقات اور سیاسیاتِ پاکستان، حالاتِ حاضرہ اور سماجی موضوعات پر ڈاکٹر ندیم شفیق ملک کے ستر سے زائد تحقیقی مقالات اور پچاس سے زائد کتب شائع ہو چکی ہیں.

ڈاکٹر صاحب تاریخ، بین الاقوامی تعلقات، قومی سلامتی، زبان و ادب اور اقبالیات کے مطالعہ سے گہری دلچسپی رکھتے تھے۔انہوں نے قائد اعظمؒ یونیورسٹی، اسلام آبادسے تاریخ میں ایم ایس سی، ایم فِل اور پی ایچ ڈی کی ڈگریاں حاصل کیں۔ مزید براں پنجاب یونیورسٹی، لاہورسے ایم اے پنجابی اور علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی، اسلام آباد سے پاکستانی زبان و ادب میں ایم فل کی ڈگریاں لیں۔ انہیں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی، اسلام آباد نے اقبالیات میں ایم فل اور پی ایچ ڈی کی ڈگریاں بھی عطا کی ہیں۔اس کے علاوہ ڈاکٹر صاحب علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی، اسلام آباد سے جینڈر اینڈ ویمن سٹڈیز میں ایم ایس سی اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی، اسلام آباد سے بین الاقوامی تعلقات میں ایم فل کی ڈگریاں بھی حاصل کر چکے ہیں۔ ڈاکٹر ندیم شفیق ملک سول سروس آف پاکستان کے ممبر بھی تھے آپ نے وفاقی حکومت میں مختلف عہدوں پر خدمات سرانجام دیں جن میں صدرِ پاکستان کے سیکرٹری، سیکرٹری قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویژن، چیئرمین نیشنل کونسل آف سوشل ویلفیئر و دیگر وفاقی اداروں میں بطور سیکرٹری طعیناتی شامل ہے.

ڈاکٹر ندیم شفیق مرحوم کی کتب میں ’’اقبالؒ اینڈ دی انگلش پریس آف پاکستان‘‘، ’’دی پالیٹکس آف اپوزیشن اِن پاکستان‘‘، ’’ریسرچ پیپرز اون پاکستان‘‘، ’’دی آل انڈیا مسلم لیگ‘‘، ’’علامہ اقبالؒ کا خطبہ الہ آباد‘‘، ’’صدائے بامِ دنیا‘‘، ’’علامہ اقبالؒ کی تابندہ یادیں‘‘، ’’علامہ اقبالؒ کی زندہ یادیں‘‘، ’’علامہ اقبالؒ کی معطر یادیں‘‘، ’’علامہ اقبالؒ کی رخشندہ یادیں‘‘، ’’نوادراتِ علامہ اقبالؒ‘‘، ’’علامہ اقبالؒ کے چند نادر و نایاب خطوط‘‘، ’’علامہ اقبالؒ کے چند احباب‘‘، ”وادی مہران میں ذکرِ اقبالؒ‘‘، ”علی گڑھ مسلم یونیورسٹی – یادیں، تاثرات، شخصیات‘‘، ”قائدِ اعظم محمد علی جناحؒ کی معطر یادیں‘‘، ”قائدِ اعظم محمد علی جناحؒ کی منور یادیں‘‘، ”قائدِ اعظم محمد علی جناحؒ کی پائندہ یادیں‘‘، ”قائدِ اعظم محمد علی جناحؒ کی یابندہ یادیں‘‘، ”قائدِ اعظم محمد علی جناحؒ کی رخشندہ یادیں‘‘، ”مادر ملت محترمہ فاطمہ جناحؒ، حیات و خدمات‘‘ و دیگر شامل ہیں۔

ایمل پبلیکیشنز، اسلام آباد اور نیشنل بُک فاؤنڈیشن، اسلام آباد نے 1939ء سے 1948ء تک کے عرصے میں بچوں اور طلبہ کی طرف سے تحریکِ پاکستان کے عظیم رہنمااور بانی پاکستان حضرت قائد اعظم محمد علی جناحؒ کے نام لکھے گئے 47 خطوط پر مبنی ڈاکٹر ندیم شفیق ملک کی مرتب کردہ انگریزی کتاب “The Children’s correspondence with the Quaid-e-Azam Muhammad Ali Jinnah” کے نام سے شائع کی۔ یہ کتاب طلبہ، اساتذہ، تاریخ دانوں، دانشوروں،نقادوں، تجزیہ کاروں اور کتاب سے دلی محبت رکھنے والوں کے لیے پاکستان کے قومی ادارہ’’نیشنل بُک فاؤنڈیشن، اسلام آباد‘‘ اور ”ایمل پبلیکیشنز، اسلام آباد‘‘ کی طرف سے گراں قدر تحفہ کی حیثیت رکھتی ہے۔ نابیناؤں کے لیے اس کتاب کا بریل ایڈیشن بھی شائع ہو چکا ہے.

ڈاکٹر ندیم شفیق مرحوم قائد اعظمؒ اور علامہ اقبالؒ کی شخصیات سے بےحد متاثر تھے اور ان دونوں شخصیات پر اُن کا تحقیقی کام بے حد اہمیت کا حامل ہے۔ آپ کی والدہ صاحبہ سے منسوب ”کُتب خانہ صفیہ رفیق‘‘، جواُن کا ذاتی کُتب خانہ تھا، جس میں اب بھی ایک لاکھ سے زائد مختلف موضوعات پر کتب دستیاب ہیں. بلا شبہ مرحوم کا شمار تاریخِ پاکستان اور تحریکِ پاکستان کے ماہرین و محققین میں ہوتا ہے.

پاکستان کے ممتاز محقق ڈاکٹر ندیم شفیق ملک وفات پا گئے.” ایک تبصرہ

  1. بہت افسوس ناک خبر ہے۔ اللہ مغفرت فرمائے۔

    MEHBOOB ELAHI MAKHMOOR , CHIEF EDITOR, ANOKHI KAHANIYAN, KARACHI

Leave a Reply to MEHBOOB ELAHI MAKHMOOR, EDITOR, MONTHLY ANOKHI KAHANIYAN, KARACHI Cancel reply