ادبِ اطفال کی ادیبہ اور شاعرہ تبسم اشفاق شیخ کی کتاب ”اڑان‘‘ کی رسم اجرا

گذشتہ روز ہندوستان کے شہر ممبئی پریس کلب نزد آزاد میدان میں انٹرنیشنل اُردو فاؤنڈیشن اور تریاق کی جانب سے ادب اطفال کی ادیبہ اور شاعرہ محترمہ تبسم اشفاق شیخ کی بچوں کی 35 نظموں پر مشتمل پہلی کاوش ”اڑان‘‘ کا رسم اجرا عمل میں آیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی ممبئی کے آئی جی قیصر خالد صاحب تھے۔ مہمان اعزازی دہلی سے تشریف لائے بچوں کے معروف ادیب محمد سراج عظیم اور ووگ تھئیٹر گروپ کے چیئرمین عدنان سرکھوت اور مسند صدارت پر بالی ووڈ کے اداکار علی خاں جب کہ نظامت کے فرائض نوجوان شاعر محسن ساحل نے انجام دیے.

پروگرام کا آغاز مولانا انصار صاحب کی تلاوت قرآن سے ہوا۔ بعد ازاں انٹرنیشنل اُردو فاؤنڈیشن کے صدر اور تریاق کے مدیر میر صاحب حسن نے تمام مہمانان کا استقبال کیا. تریاق کے نائب مدیر حنیف قمر نے مہمانان اور مصنفہ کا تعارف پیش کیا۔ تعارف کے بعد مہمانان کی خدمت میں شال اور گلدستہ و مومینٹو میر صاحب حسن، عبداللہ، حنیف قمر ،عارف اعظمی صاحبان وغیرہ نے پیش کیے۔اس کے بعد کتاب کا اجرا کیا گیا. اس وقت اسٹیج پر مہمانان کے علاوہ فرید خان بانی صدر اُردو کارواں پروفیسر شبانہ خان صاحبہ، مشیر انصاری صاحب مدیر اُردو آنگن بھی موجود تھے۔ پہلے ووگ تھئیٹر کے روح رواں عدنان سرکھوت نے کہا میں تبسم اشفاق کی کتاب دیکھ کر بہت خوش ہوا کہ ایک نو امیز جس نے صرف چھ مہینے پہلے ادب میں قدم رکھا ہے وہ آج اس اسٹیج پر موجود ہیں۔ ہم بھی ووگ تھئیٹر گروپ اور دریافت اردو کے تحت نئے ٹیلینٹ کی تلاش میں اُردو کی ترویج کے لیے کئی مقابلے کراتے ہیں جو کل ہند پیمانہ پر ہوتے ہیں۔

اس موقع پر سراج عظیم نے کہا کہ سن اسی کے بعد سے ادب اطفال جو ہمارے گھروں میں موجود تھا وہ مفقود تھا اس کی بازیافت کے لئے انھوں نے آل انڈیا ادب اطفال سوسائٹی کی تشکیل کی جس کے تحت ادب اطفال پر سیمینار ورکشاپس وغیرہ کرائیں. انھوں نے ایک واہٹس ایپ گروپ بچپن کے نام سے بنایا جو بچوں کے ادیبوں اور خاص طور پر ادب اطفال کے لیے مخصوص ہے۔ ان کے مطابق یہ گروپ ادب اطفال اور اس کے لکھنے والوں کے لیے ایک پلیٹ فارم ہے جس میں ہندوستان کے ساتھ غیر ممالک کے ادباء بھی موجود ہیں۔ جہاں نئے لکھنے والوں کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے۔ بچپن گروپ سے تحریک پاکر تقریباً دس نئے لکھنے والے پیدا ہوئے جن میں تبسم اشفاق بھی ہیں جنھوں نے چھ مہینے میں بچوں کے لیے نظمیں لکھنا شروع کیں اور ان کا پہلا مجموعہ اڑان آج آپ کے سامنے ہے۔ قیصر خالد صاحب نے تبسم اشفاق شیخ کو مبارک باد پیش کی اور کہا کہ بچوں کے نفسیات پر شاعرہ کی پکڑ اچھی ہے۔ اپنے خطاب میں مزید انھوں نےکہا کہ ہم اپنے گھروں میں بچوں کا ادب پڑھائیں گے نہیں تو اُردو کی ترویج کیسے ہوگی۔ آپ کا دینی اور ادبی اثاثہ سب اُردو میں ہے. اگر اپ رسم الخط کو بدلیں گے تو اپنے ادبی سرمایہ اپنی تاریخ اور تہذیب سے کٹ جائیں گے اس لیے ادب اطفال کا فروغ اور نئے لکھنے والوں کی حوصلہ افزائی ہونا چاہئے۔

صدارتی خطبہ میں علی خان صاحب نے تبسم اشفاق کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ فلم انڈسٹری اُردو کی مرہون منت ہے کہ اس کے لکھنے والوں نے کئی شاہکار فلمیں سینکڑوں گانے ڈائلاگز دنیا کو دیے. اُردو کے بغیر فلم انڈسٹری آگے بڑھ نہیں سکتی. اسی وجہ سے بہت سی اداکاراوں اور اداکاروں نے خاص طور سے اُردو سیکھی۔

شاعرہ تبسم اشفاق شیخ کو اڑان کی اس کاوش پر بچپن گروپ اور تریاق فاؤنڈیشن کی جانب سے مومینٹوز اور شال پیش کی گئی۔ کتاب کے ناشر اشفاق خلیل شیخ اور کمپوزر آسیہ اقبال شیخ کو بھی مومینٹوز پیش کر کے ان کی حوصلہ افزائی کی گئی۔ اس تقریب میں اردو کے ادباء و شعرا معزز حضرات و خواتین کے علاوہ اقبال نیازی چیئرمین کردار آرٹ اکیڈمی فاروق سید مدیر گل بوٹے، ظہیر انصاری مدیر تحریر نو، معین نظر صاحبان افسانہ نگار تبسم ناڈکر موجود تھے۔حنیف قمر نے شکریہ کی رسم ادا کی.

(بشکریہ: محبوب الہیٰ مخمور، مدیر منتظم، ”کتاب نامہ‘‘)

3 تبصرے “ادبِ اطفال کی ادیبہ اور شاعرہ تبسم اشفاق شیخ کی کتاب ”اڑان‘‘ کی رسم اجرا

  1. محبوب الہی صاحب ہم اپ کے انتہای ممنون و مشکور ہیں۔اپ نے تبسم اشفاق شیخ کی کتاب رسم رو نمای کی تفصیلی رپورٹ شائع کی۔
    محمدسراج عظیم

  2. محبوب الہی صاحب السلام علیکم
    ہم اپ کے انتہای ممنون مشکور ہیں کہ اپ نے تبسم اشفاق شیخ کی کتاب کی رسم رونمائی کی تفصیلی رپورٹ شائع کی۔بہت شکریہ
    محمد سراج عظیم دہلی انڈیا
    بانی سکریٹری آل انڈیا ادب اطفال سوسائٹی دہلی
    بانی بچپن واہٹس ایپ گروپ

  3. اپنی پہلی کاوش اڑان کی رسم اجرا کی رپورٹ کے لیے میں محترم الہیٰ صاحب اور محترم سراج عظیم صاحب کا دل کی اتھاہ گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتی ہوں۔

Leave a Reply to تبسم اشفاق شیخ Cancel reply