کتاب اورکہانی – ثاقب محمود بٹ

پیارے بچو! ہم آپ کے لیے بچپن کی کہانیوں کا مجموعہ لے کر حاضر ہوئے ہیں۔ بچوں کے عالمی ادب سے منتخب شدہ ان تینوں کتب کو اُردو قالب میں ڈھالنے کا سہرا سید سعید نقوی کے سر ہے۔ یہ کتابیں، کہانیوں کے ساتھ ساتھ خوب صورت تصویری خاکوں پر بھی مشتمل ہیں۔ ان کتابوں کی تفصیل کچھ یوں ہے:

1۔ چاکی اور دریا:
مصنف: البرٹ چنوالو موگواچی
قیمت: 165روپے
البرٹ چنوالو موگواچی بے (Albert Chinualumogu Achebe) ایک افریقی ناول نگار، شاعر، پروفیسر اور ناقد تھے۔ آپ 16نومبر، 1930ء کو نائیجیریا میں پیدا ہوئے۔ چنوااچی بے نے بہت سے ناول، افسانے اور شاعری کے علاوہ بچوں کی کہانیاں تخلیق کیں۔ زیرِ تذکرہ کتاب ’’چاکی اور دریا‘‘ کا پہلا ایڈیشن ’’Chike and the River‘‘ کے عنوان سے 1966ء میں شائع ہوا۔ یہ ایک نائجیرین بچے کی کہانی ہے۔ اس کہانی میں وہ بچہ اپنا آبائی علاقہ چھوڑ کر اپنے ماموں کے پاس ایک بڑے شہر میں جانا چاہتا ہے لیکن اس کے لیے سب سے بڑی مصیبت راستے میں پڑنے والا ایک دریا ہے جسے فیری کے بغیر پار نہیں کیا جا سکتا اور اس لیے اسے بہت زیادہ رقم درکار ہوتی ہے۔ بالآخر وہ اپنے ایک دوست کی مدد سے اس بھرپور مہم کا آغاز کر دیتا ہے۔ جب وہ دریا عبور کر جاتا ہے تو اسے اندازہ ہوتا ہے کہ دریا پارکی زندگی اس کی توقعات سے بہت مختلف ہے۔

2۔ ننھا شہزادہ:
مصنف: انٹوائن ڈی سینٹ ایگروپری
قیمت: 199روپے
’’بچپن کی کہانیاں‘‘ سیریز کی یہ دوسری کتاب بین الاقوامی شہرت یافتہ فرانسیسی ادیب، شاعر اور صحافی انٹوائن ڈی سینٹ ایگروپری (Antoine de Saint-Exupéry) کی تحریر کردہ ہے۔ آپ 29جون، 1900ء کو فرانس کے شہر لیون میں پیدا ہوئے۔ ادبی خدمات کے علاوہ انٹوائن ڈی سینٹ ایگروپری کا شمار اچھے ہوا بازوں میں بھی ہوتا تھا۔یہی وجہ ہے کہ آپ ساری عمر ہوائی جہاز اڑاتے رہے۔ انٹوائن کی یہ کتاب ’’The Little Prince‘‘ کے عنوان سے پہلی بار فرانسیسی زبان میں 1943ء میں شائع ہوئی۔ اس کتاب کا موضوع بھی ہوا بازی ہی ہے۔ بچوں کے لیے لکھی گئی اس کہانی کا آغاز ایک ہوا باز کے صحرا میں طیارہ گرنے سے ہوتا ہے جہاں اس کی ملاقات دوسرے سیارے سے آئے ہوئے ایک ننھے شہزادے سے ہوتی ہے۔ ننھا شہزادہ اپنے علاوہ دیگر سیاروں کی سیر پر بھی جاتا ہے اور وہاں عجیب و غریب لوگوں سے اس کی ملاقات ہوتی ہے۔ اس مشہور کہانی کا دنیا کی تین سو سے زائد زبانوں میں ترجمہ ہو چکا ہے۔ اس کتاب کا اُردو ترجمہ بھی بہت دیدہ زیب انداز میں شائع ہوا ہے۔

3۔ بوائے:
مصنف: رولڈ ڈاہل
قیمت: 299 روپے
پیارے بچو! ہماری آج کی یہ تیسری کتاب برطانوی ناول نگار رولڈ ڈاہل (Roald Dahl) کی تحریر کردہ ہے جو 1916ء میں برطانیہ میں پیدا ہوئے تھے۔ ان کی لکھی گئی یہ کتاب ’’Boy‘‘ کے عنوان سے 1984ء میں شائع ہوئی۔ اس کتاب میں مصنف نے بہت خوب صورتی سے اپنی خودنوشت بیان کی ہے اور بچپن کی شراتیں اور دیگر کیفیات کا عمدگی سے اظہار کیا ہے۔ اس کتاب میں مصنف کا، ناروے کا مختصر سفرنامہ بھی شامل ہے. گو کہ یہ کہانیاں عام بچوں کی زندگیوں سے مختلف نہیں لیکن رولڈ ڈاہل کے منفرد اندازِ تحریرنے اس کتاب کو ایک شاہکار بنا دیا ہے۔ اس کتاب کے اُردو ترجمہ میں محترمہ زہرا حسن نے سید سعید نقوی کی معاونت کی ہے۔