اشٹٹ گارٹ کی میونسپل لائبریری (Stadtbibliothek Stuttgart):
اس نو منزلہ لا ئبریری کو دانشوری و ثقافتی مرکز کے طور پر سن 2011ء میں تعمیر کیا گیا۔ ایک چوکور کیوب کی شکل میں یہ لائبریری باہر سے سرمئی رنگ کی ہے اور اندر ہر طرف صرف سفید رنگ دکھائی دیتا ہے۔ رات میں یہ لا ئبریری مختلف رنگوں کی روشنیوں سے جگمگا جاتی ہے۔ اشٹٹ گارٹ کی میونسپل لائبریری کا شمار جرمنی کی سب سے دلکش لائبریریز میں ہوتا ہے۔
ڈچس انا امالیا لائبریری (Anna Amalia Bibliothek):
وائمار شہر میں ڈچس انا امالیا لائبریری ایک چھپا ہوا نگینہ ہے۔ یہاں نہ صرف نایاب کتابیں بلکہ پرانے نقشے، موسیقی اور کئی قدیم دستاویزات موجود ہیں۔ لائبریری کا نام اس ڈچس سے منسوب کیا گیا ہے جس نے سن 1766ء میں اس بات کو یقینی بنایا تھا کہ کتابوں کا مجموعہ ’روکوکو لائبریری‘ منتقل کیا جائے۔
ہیرزوگ اگست لائبریری (Herzog August Bibliothek):
’ببلیوٹیکا آؤگستا‘ یا ہیرزوگ اگست لائبریری جرمن شہر ولفن بوٹل میں ہے۔ یہ دنیا کی قدیم ترین لائبریریوں میں سے ایک ہے۔ خاص بات یہ ہے کہ اس لائبریری میں بہت سی قدیم کتابیں ہیں جو ہمیشہ ہی سے اس کا حصہ رہی ہیں۔ ڈیُوک اگست نامی کتابیں جمع کرنے والی ایک معروف شخصیت نے پندرہویں اور سولہویں صدی میں اسے تعمیر کیا تھا۔ قرون وسطی ادب کے مواد کے لیے اسکالرز اس لائبریری کا رخ کرتے ہیں۔
فاسٹر لائبریری (Foster Bibliothek FU Berlin):
اپنی مخصوص شکل کی وجہ سے اس لا ئبریری کو ’دا برین‘ یا انسانی دماغ کہا جاتا ہے۔ یہ لائبریری نہ صرف اپنے فن تعمیر کی وجہ سے مشہور ہے بلکہ یہاں فلسفے پر کتابوں کا ایک بہترین مجموعہ ہے۔ اس لائبریری کو معروف آرکیٹیکٹ نارمن فاسٹر نے ڈیزائن کیا تھا اور اس کا افتتاح سن 2007ء میں کیا گیا تھا۔
اوبرلاؤزٹس لائبریری (Oberlausitzische Bibliothek der Wissenschaften):
اوبرلاؤزٹس لائبریری آف سائنسز گئرلٹز میں واقع ہے، پولینڈ کی سرحد کے بالکل پاس۔ سادہ مگر پرکشش لا ئبریری اٹھارویں صدی کے آغاز پر قائم کی گئی تھی۔ خطے کی تاریخ، مقامی ثقافت و سماجی کے ساتھ ساتھ فطرت پر ایک لاکھ چالیس ہزار سے زائد کتابیں اس لائبریری کی زینت ہیں۔
جیکب اینڈ ولہیلم گِرم سینٹر (Jacob und Wilhelm Grimm Zentrum):
شاندار گِرم سینٹر برلن کی ہمبولٹ یونیورسٹی کا حصہ ہے۔ دس برس قبل تعمیر کردہ اس کمپلیکس میں لائبریری کے علاوہ چند اور محکمے بھی شامل ہیں۔ مگر عمارت کا دل ’ریڈنگ روم‘ یا یہ لائبریری ہی ہے۔ یہاں بیٹھنے والوں کو یہ کھلے آسمان تلے پڑھنے کا احساس دلا تا ہے۔
باویرین اسٹیٹ لائبریری (Bayerische Staatsbibliothek):
اس لائبریری کی کلیکشن سولویں صدی سے تیار ہونا شروع ہوگئی اور اب یہاں لگ بھگ دس ملین کتابیں موجود ہیں۔ یہ لائبریری دوسری عالمی جنگ کے دوران نذر آتش ہو گئی تھی لیکن پھر کئی سال میں اسے دوبارہ تعمیر کیا گیا۔ آج یہ جرمنی کی مشہور ترین لائبریریوں میں سے ایک ہے۔
(ڈوئچے ویلے اُردو)