آپ بیتی ہی اُردو ادب کی ایک ایسی صنف ہے جس میں مصنف اپنی زندگی کے حالات و واقعات، تجربات، مشاہدات، محسوسات، نظریات اور عقائد کی ایک مربوط داستان بیان کرتا نظر آتا ہے۔ بلاشبہ ایک اچھے ادیب کی لکھی ہوئی آپ بیتی کو ادب و انشا اور تاریخ و تذکرہ کے اصناف میں سب سے زیادہ دلچسپ، دل آویز، خوش گوار اور شوق انگیز صنف کہا جا سکتا ہے.
اس صنف کی اہمیت کو مدِ نظر رکھتے ہوئے بچوں کے مقبول و معروف رسالے ماہ نامہ انوکھی کہانیاں، کراچی نے 2012 ء سے مختلف ادیبوں کی آپ بیتیاں شائع کرنے کا سلسلہ شروع کیا جو کہ تا حال جاری ہے. اس سلسلہ کو مزید بڑھاتے ہوئے 2015ء میں چند منتخب ادیبوں کی آپ بیتیوں کو کتابی صورت میںشائع کیا گیا. 334 صفحات پر مشتمل اس خوبصورت اور معیاری کتاب کو مرتب کرنے کا سہرا ہمارے بہت پیارے بھائی، ممتاز ادیب، ماہنامہ انوکھی کہانیاں، کراچی کے مدیرِ اعلیٰ اور ”کتاب نامہ‘‘ کے مدیرِ منتظم جناب محبوب الٰہی مخمور اور معروف ادیب، کہانی نویس اور ناول نگار بھائی نوشاد عادل کے سر ہے۔ دونوں اصحاب نے انتہائی محنت اور جاں فشانی سے اس مشکل کام کو عملی جامہ پہنایا۔ بقول محبوب الٰہی مخمور: ”ایک طویل عرصہ سے کسی ایسی کتاب کی کمی محسوس ہو رہی تھی جس میں مختلف شعبوں خصوصاً اُردو ادب سے تعلق رکھنے والے افراد کی سرگزشت شامل ہو، جنہوں نے اپنی محنت اور لگن کے بل بوتے پر اپنے شعبہ میں کوئی نمایاں کام کیا ہو۔‘‘
”آپ بیتیاں‘‘ عنوان کے تحت شائع ہونے والی سیریز کی پہلی کتاب میں شہید پاکستان حکیم محمد سعید، مسعود احمد برکاتی، حنیف سحر، پروفیسر ڈاکٹر سیّد مجیب ظفرانوارحمیدی، محبوب الٰہی مخمور، ڈاکٹر طارق ریاض خاں (سائنسی بابو)، عبد اللہ نظامی، احمد عدنان طارق، ڈاکٹر ظفر احمد خان، محمد ندیم اختر، محمد طاہر عمیر، رضوان بھٹی، رابعہ حسن اور ببرک کارمل جمالی کی خود نوشت و آپ بیتیاں شامل تھیں.
اب ایک خوش کن اطلاع یہ سننے میں آئی ہے کہ ”آپ بیتیاں‘‘ سلسلے کی دوسری کتاب بھی شائع ہو رہی ہے جس میں چند مزید مشہور و معروف قلم کار و مدیران کی اپنی زندگی کی سچی کہانیاں یعنی آپ بیتیاں شائع کی جا رہی ہیں. ان قلم کاروں اور مدیران کی دلچسپ آپ بیتیاں پڑھ کر نہ صرف ان کی زندگیوں کے نشیب و فراز معلوم ہوں گے بلکہ اُن کی زندگیوں کے نہاں خانوں کے پردے بھی اٹھیں گے اور ہم ان کی خوبصورت زندگی کے مختلف دریچوں میں بھی جھانک سکیں گے۔ 600 سے زائد صفحات پر مشتمل اس کتاب کے ٹائٹل کے بارے میں بتایا جا رہا ہے کہ اس بار کوئی نیا تجربہ کیا جا رہا ہے، اس اُمید کے ساتھ کہ قارئین کو پسند آۓ گا۔ ہم سب کو اس اہم تصنیف کی اشاعت کا شدت سے انتظار ہے. ساتھ ہی ہم نوشاد عادل اورمحبوب الہٰی مخمور کو پیشگی مبارک باد کے ساتھ خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں.
”آپ بیتیاں‘‘ کتاب کے دوسرے حصے میں نذیر انبالوی، نوشاد عادل، ڈاکٹر عبدالرب بھٹی، خلیل جبار، امجد جاوید، حاجی لطیف کھوکھر، تسنیم جعفری، مظہر مشتاق، جاوید بسام، عبداللہ ادیب، صالحہ صدیقی، عبد الرشید فاروقی. عمران یوسف زئی، محمد ناصر زیدی، نور محمد جمالی، عارف مجید عارف، عبدالصمد پھول بھائی، غلام زادہ نعمان صابری، نوید احمد، ضرغام محمود، روبنسن سیموئیل گل، فرخ شہباز وڑائچ، فہیم زیدی، محمد شعیب خان، اکمل معروف اور ذوالفقار علی بخاری کی آپ بیتیاں تاحال اشاعت کے لیے تیار ہیں.
بہترین و شاندار مضمون ۔ شکریہ بٹ صاحب
بٹ صاحب نے بہت عمدہ لکھاہے۔ شکریہ
تحریر کی پسندیدگی کا بہت بہت شکریہ