’’انکل سرگم‘‘ کا کردار نبھانے والے فاروق قیصر بھی چلے گئے.

پاکستان ٹیلی وژن پر ’انکل سرگم‘ کے کردار سے شہرت پانے والے مصنف، کالم نگار اور کارٹونسٹ فاروق قیصر انتقال کر گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق فاروق قیصر کا انتقال دل کا دورہ پڑنے سے ہوا ہے۔ ان کے سوگواروں میں بیوہ کے علاوہ ایک بیٹا اور دو بیٹیاں ہیں۔
فاروق قیصر پاکستان میں پتلی تماشہ پر مبنی کردار ’انکل سرگم‘ اور اسی طرح کے کئی دیگر کرداروں کی وجہ سے جانے جاتے تھے۔
فاروق قیصر کے انتقال کی خبر سامنے آتے ہی پاکستانی سوشل میڈیا پر صارفین کی ایک بڑی تعداد ان سے جڑی اپنی یادوں کا ذکر کرتے ہوئے ان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کر رہے ہیں۔
فاروق قیصر 31 اکتوبر 1945ء کو سیالکوٹ میں پیدا ہوئے تھے۔ انہوں نے نیشنل کالج آف آرٹس لاہور سے تعلیم حاصل کی. علاوہ ازیں رومانیہ سے فائن آرٹس میں ماسٹرز کیا جب کہ 1999ء میں کیلیفورنیا، امریکا سے ماس کمیونی کیشن میں بھی ماسٹرز ککی ڈگری حاصل کی.
فاروق قیصر پاکستان ٹیلی وژن پر پہلی مرتبہ 1970ء میں ’اکڑ بکڑ‘ میں دکھائی دیے تھے مگر ان کا وجہ شہرت پی ٹی وی کا شو ’کلیاں‘ بنا جس میں انہوں نے انکل سرگم کا کردار ادا کیا تھا۔ انکل سرگم نامی کردار کے ذریعے فاروق قیصر طویل عرصہ تک معاشرتی مسائل پر مزاحیہ انداز میں بات کرتے رہے۔ صرف یہی نہیں بلکہ ان کے معروف کرداروں میں ’ماسی مصیبتے‘ سمیت کئی دیگر شامل ہیں۔

فاروق قیصر ایک مصنف، کالم نگار، کارٹونسٹ اور ٹی وی پروڈیوسر بھی تھے۔ انہوں نے ”ہور پُچھو‘‘، ”کالم گلوچ‘‘، ”میٹھے کریلے‘‘ اور ”میرے پیارے اللہ میاں‘‘ کے عنوان سے کتابیں بھی لکھی ہیں۔
آپ کی خدمات کو سراہتے ہوئے حکومتِ پاکستان نے انہیں 1993ء میں تمغہ حسن کارکردگی سے بھی نوازا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں