عکسِ پاکستان، جنت نظیر گوشے – محمد اکبر خان اکبر

سیاحت دنیا کی ایک بڑی صنعت کا درجہ اختیار کر چکی ہے.عالمی وبا کے باعث ابتدا میں سب سے زیادہ متاثر ہونے والی صنعتوں میں سیاحت بھی شامل تھی. اب بتدریج بہت سے ممالک سیاحت کے لے کھلتے جا رہے ہیں.
پاکستان ایک ایسی محیر العقول سرزمین پر واقع ہے کہ بہت سے ماحولیاتی نظاموں کا یہاں مشاہدہ کرنا ممکن ہے.
وطن عزیز میں بھی گزشتہ چند برسوں سے سیاحوں کی آمد میں اضافہ دیکھا جارہا ہے.
راجہ نثار احمد ایک ماہر سیاح ہونے کے ساتھ ساتھ ایک منفرد مصنف بھی ہیں. انہوں نے سیاحت کے شوقین افراد کے لیے ایک اعلٰی راہنما کتاب تحریر کرکے ملکی سیاحت کے فروغ میں اپنا کردار ادا کیا ہے. ان کی ترتیب کردہ گائیڈ بک ”عکسِ پاکستان، جنت نظیر گوشے‘‘ بیک وقت اُردو اور انگریزی میں لکھی گئی ہے تاکہ ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کے لیے یکساں طور پر مفید ہو. یہ کتاب اعلٰی آرٹ پیپر پر شایع کی گئی ہے اور اس میں شامل سیاحتی مقامات کے بارے میں معلوماتی تحریر کے ساتھ ان علاقوں کی خوب صورت تصاویر نے اس کتاب کا حسن خوب بڑھا دیا ہے.
انتہائی بہترین اور ایسے اعلٰی زایوں سے تصاویر اتاری گئیں ہیں کہ دیکھنے والا بے اختیار وہاں پہنچنے کے لیے مجبورہوجاتا ہے. راجہ نثار احمد صاحب کی تالیف کردہ اس کتاب میں سیاحتی مقامات کا تعارف، وہاں پہنچنے کے لیے دستیاب ٹرانسپورٹ، آس پاس کے مزید تفریحی مقامات کی معلومات اور وہاں ٹھہرنے کے بارے میں انتہائی مفید معلومات موجود ہیں.
ان کی اس کتاب میں پاکستان کے شمالی علاقہ جات، کشمیر کی حسین وادیوں، خیبر پختون خوا کے قابل دید مقامات اور پنجاب کے چند تفریحی علاقوں کا تذکرہ بھی موجود ہے. کیا ہی اچھا ہوتا کہ اس کتاب میں سندھ اور بلوچستان کی تفریح گاہوں اور تاریخی مقامات اور خوب صورت وادیوں جیسے گورکھ ہل، مکلی، موہن جو دوڑو، کیر تھر نیشنل پارک، عمر کوٹ، وادی زیارت، وادی ہر بوئی، وادی بولان، گودار ،کنڈ ملیر وغیرہ کا تذکرہ بھی کر دیا جاتا.
بلا شک و شبہ یہ کتاب ”عکسِ پاکستان، جنت نظیر گوشے‘‘ ایک اعلٰی گائیڈ بک ہے جس کا سیاحوں کے پاس موجود ہونا بہت لازمی ہے.