”نیشنل بُک فاﺅنڈیشن‘‘ کی شائع شدہ تمام کتب پر پچاس فیصد رعایت

کتابوں کا ذکر آتے ہی ”نیشنل بُک فاﺅنڈیشن‘‘ کا نام ذہن میں آ جاتا ہے. گذشتہ دنوں اپنے ڈائریکٹر پریزنٹیشن، چودھری محمد زبیر علی کے ہمراہ فروغ کتب کے قومی ادارے ”نیشنل بُک فاﺅنڈیشن‘‘ کے مرکزی دفاتر جانے کا اتفاق ہوا. صدر دفتر کی بک شاپ کے انچارج قمر بھائی اپنی خوب صورت مسکراہٹ کے ساتھ موجود سامنے تھے. بُک شاپ پر ہر جگہ پچاس فیصد رعایت کے بارے میں خوب تشہیر نظر آ رہی تھی. اسی بارے قمر بھائی نے بتایا کہ چوں کے گذشتہ کئی سالوں کی طرح اس سال ”ریڈرز کلب کارڈز‘‘ کا اجرا نہیں کیا جا سکا اس لیے ادارہ نے عوام کو یوں ریلیف دینے کا سوچا کہ ”نیشنل بُک فاﺅنڈیشن‘‘ کی شائع شدہ تمام کتب پر براہِ راست پچاس فیصد رعایت دے دی جائے. قمر بھائی نے مزید بتایا کہ پاکستان میں مختلف مقامات پر قائم ”نیشنل بُک فاﺅنڈیشن‘‘ کی تمام سترہ شاپس پر اس رعایت کی سہولت مہیا کی گئی ہے، جن کی تفصیل درج ذیل ہے:

یاد رہے کہ ”نیشنل بُک فاﺅنڈیشن‘‘ کا قیام 1972ء میں عمل میں لایا گیا اور ساتھ ہی فروغِ کتب بینی، مصنفین کی فلاح و بہبود، کتابوں کی بین الاقوامی معیار کے مطابق اشاعت اور معیارِ اشاعت میں ترقی کا کام شروع ہو گیا. جس کے تحت کتب بینی اور عادات مطالعہ کے فروغ کے لیے مفید اور معیاری کتب کم قیمت پر تسلسل کے ساتھ شائع کی جا رہی ہیں. ان میں قومی و علمی موضوعات پر مبنی، تاریخ، علم و ادب، فلسفہ، نفسیات، سائنس، جغرافیہ، اخلاقیات، اسلامی علوم، تحقیق و تنقید، جنرل نالج اور بچوں کے ادب پر مشتمل اعلیٰ معیار کی کتب اور سلیبس کی کتب کے علاوہ نابینا افراد کے لیے بریل کتب کی اشاعت کا سلسلہ جاری ہے.

2010ء سے تاحال دس کتب قومی کتاب میلوں سمیت اسلام آباد اور این بی ایف کے دیگر دفاتر میں کتب میلوں، نمائشوں، مختلف اہم ادبی تقاریب کا انعقاد بھی اس ادارہ کی ذمہ داری میں شامل ہے. اسلام آباد کے ایف سیون مرکز، جناح سپر مارکیٹ میں مختلف پبلشرز کے تعاون سے شہرِ کتاب کا افتتاح 27 مارچ 2014 کو ہوا. پھر اس میں ”ریڈنگ روم‘‘ اور ”کتاب کیفے‘‘ کا اضافہ کیا گیا. کتاب دوستی کے اس سفر میں ”نیشنل بُک فاﺅنڈیشن‘‘ نے اپنے مقاصد اور منزل کے حصول کے لیے ہر طبقہ فکر کے شائقینِ کتب تک ”ہمارا خواب، ہر ہاتھ میں کتاب‘‘ کا پیغام پہنچایا اور کتاب بینی کا یہ درخشاں سفر تا حال جاری ہے.

(مدیر)

اپنا تبصرہ بھیجیں