معروف افسانہ نگار و مزاح نویس، امتیاز گلیانوی کی خود نوشت ”امتیاز نامہ‘‘ کی تقریبِ پذیرائی

گذشتہ روز برطانیہ سے آئے ہوئے معروف افسانہ و مزاح نگار امتیاز گلیانوی کی خود نوشت تخلیق ”امتیاز نامہ‘‘ کی تقریب پزیرائی منعقد ہوئی. تفصیلات کے مطابق یہ تقریب آل عمران لائبریری، گوجرخان میں منعقد ہوئی۔ تقریب کی صدارت ملک کے نامور شاعر اور نقاد ڈاکٹر نثار ترابی نے کی۔ جب کہ معروف سفرنامہ اور افسانہ نگار حسنین نازشؔ، افسانہ نگار اور شاعر کرنل (ر) ڈاکٹر طلعت شبیر اور ادب دوست شخصیت اور حق ٹرسٹ کے بانی قاضی شوکت محمود تقریب میں بطور مہمانانِ خصوصی شریک ہوئے۔

مہمانانِ اعزازی میں معروف اہلِ قلم سلیم مرزا، شریف شادؔ، طاہر شیراز، ثاقب امام رضوی، عبدالروف کیانی اور منتظر امام رضوی شام تھے جب کہ تقریب کی نظامت کے فرائض مبین مرزا نے ادا کیے۔

صدرِِ محفل ڈاکٹر نثار ترابی نے صاحب کتاب کی گزشتہ شائع شدہ کتب اور حالیہ خود نوشت ”امتیاز نامہ‘‘ کی خوبیاں بیان کرتے ہوئے ادب میں ان کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے مصنف کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اور تین ممالک میں یکے بعد دیگرے قیام کے دوران اپنی تہذیب، اپنے وسیب سے جڑے رہنے اور پوٹھوہار کے رسم و رواج اور رہن سہن کے متعلق لکھنے پر مصنف کی تعریف کی.

مہمان ِخصوصی معروف افسانہ نویس اور سفرنامہ نگارحسنین نازشؔ نے اپنے خطاب میں مصنف کی ادب دوستی کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ”امتیاز نامہ‘‘ مصنف کا اپنی جنم بھومی سے محبت اور انسیت کا اظہار ہے۔ حسنین نازشؔ نے مزید کہا کہ قدیمی یادداشتوں اور قصہ بیانی سے مصنف کا ادبی ذوق اور رکھ رکھاؤ جھلکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خودنوشت نویسی کی دم توڑتی ہوئی فضا میں ”امتیاز نامہ‘‘ ایک نرم اور خوش گوار جھونکے سے کسی طور کم نہیں۔
تقریب میں تحصیل بھر کی نمایاں ادبی شخصیات اور سابق ایم این اے راجہ جاوید اخلاص کے علاوہ بڑی تعداد میں خواتین و حضرات نے خصوصی طور پر شرکت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں