تفاخر محمود گوندل کی بے مثال کتاب ”اقبالؒ اہلِ بیت علیہم السلام کے حضور‘‘ – محمد اکبر خان اکبر

تفاخر محمود گوندل پلند پایہ محققین میں سرفہرست ہیں. اس کے علاوہ بھی ان کا کام کئی ادبی اصناف تک پھیلا ہوا ہے. پروفیسر صاحب شاعری، سفرنامہ نگاری، کالم نگاری اور سیرت نگاری میں منفرد پہچان رکھتے ہیں. اقبالؒ شناسی بھی ان کی تحقیق کا ایک اہم میدان ہے. اس سلسلے میں ان کی بے مثال کتاب ”اقبالؒ اہلِ بیت علیہم السلام کے حضور‘‘ پڑھنے کے لائق ہے.
اس کتاب کے بارے میں مصنف لکھتے ہیں کہ:
”جب سے میری تصانیف کی فہرست اخبارات میں تواتر سے شایع ہوتی ہے ان میں زیر طبع کتب میں سے ایک ”اقبالؒ اہل بیت علیہم السلام کے حضور‘‘ کی اشاعت کا مطالبہ اہلِ دل کی طرف سے شدت سے ہوتا رہا ہے. فی الواقع یہ ایک بڑا ہی نادر الوجود اور دل پذیر موضوع ہے.‘‘
عمومی طور پر یہ سمجھا جاتا ہے کہ زود نویس یا مختلف النوع موضوعات پر لکھنے والے مصنفین تمام اصناف میں معیار برقرار نہیں رکھ پاتے مگر پروفیسر تفاخر محمود گوندل کا کام دیکھا جائے تو یہ بات حقیقت سے بہت ہی بعید دکھائی دیتی ہے.
انہوں نے سیرتی النبی صلی اللہ علیہ وسلم پر قلم اٹھایا تو سرخرو ٹھہرے اور ”تجلیات رسالت صلی اللہ علیہ وسلم‘‘ کے نام سے ایک اُردو سیرت نگاری میں اعلٰی ادبی اضافہ کر ڈالا.
سفرنامہ نگاری کے میدان میں اترے تو ”جلوہ ہائے جمال‘‘ نے کامیابی کے جھنڈے گاڑ دیئے، نعت گوئی کی طرف رخ ہوا تو شعراء عصر میں منفرد ٹہرے، غزل گوئی کے اکھاڑے میں اترے تو کئی ایک کو پیچھے چھوڑ دیا اور اب اقبالؒ شناسی کا میدان چنا ہے تو ان کی علمیت و علم دوستی کا ایک اور رخ قارئین کے سامنے آیا ہے. ان کی اس کتاب میں اقبالؒ کی اہلیتِ اطہار علیہم السلام سے عقیدت و محبت کا دل نشین تذکرہ ہے. علامہ اقبالؒ نے اپنے کلام میں عشق رسول صلی اللہ علیہ وسلم اور عشق اہلیت رضوان اللہ علیہم اجمعین کا جس انداز میں ذکر کیا وہ پروفیسر صاحب نے خوبصورت انداز میں واضح کیا ہے اور کلام اقبال کے کئی زاویوں سے قارئین کو آگاہ ہے.
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم، اصحابِ رسول ررضوان اللہ علیہم اجمعین اور اہلِ بیت اطہار علیہم السلام سے جس طرح علامہ اقبالؒ نے اپنے کلام میں اظہارِِ محبت کیا ہے اس کی بہت اعلٰی تفہیم پروفیسر تفاخر محمود گوندل کی اس کتاب میں ملتی ہے.
بلا شبہ تفاخر محمود گوندل نے علامہ اقبالؒ کے فارسی اور اردو کلام میں اہلِ بیت رضوان اللہ علیہم اجمعین کے فضائل اور ان کا اسوہ عام فہم انداز میں قارئین کے سامنے پیش کیا ہے.