نامور محقق، دانشور، معلم، افسانہ نویس، سفرنامہ نگار اور کتاب نامہ کے مدیرِ منتظم حسنین نازشؔ کی گریڈ 18 میں ترقی.
تفصیلات کے مطابق نامور محقق، دانشور، معلم، افسانہ نویس، سفرنامہ نگار اور کتاب نامہ کے مدیرِ منتظم حسنین نازشؔ کو پاکستان الیکٹرونک میڈیا ریگولیٹری اٹھارٹی (پیمرا) میں گریڈ 18 میں بطور ڈپٹی ڈائریکٹر ترقی دے دی گئی ہے. آپ اس سے قبل پیمرا میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر خدمات سر انجام دے رہے تھے. دوست احباب اوررفقائے کار کی جانب سے حسنین نازشؔ کو ترقی پر مبارک باد پیش کی گئی ہے. حسنین نازشؔ نے اس ترقی کو اپنے رب کا خاص کرم، مرحوم والدین اور جملہ بہی خواہوں کی دعاؤں کا نتیجہ قرار دیا ہے.
یاد رہے کہ ادبی حلقوں میں حسنین نازشؔ کی شناخت کا باعث ان کی پہلی کتاب ”اُردوہے جس کا نام‘‘ بنی جو 2007ء میں منظر عام پر آئی جس میں اُردو زبان کی تاریخ، ا ضافِ نظم و نثر کا تعارف اور ادبی تحاریک پر طائرانہ نظر ڈالی گئی۔ آپ کا پہلا افسانوی مجموعہ ”پہلی اڑان‘‘ 2009ء میں منظر عام پر آیا جس کی داد وہ حمید شاہد اور منشایاد مرحوم سے وصول پا چکے ہیں۔ ”قاردش‘‘ آپ کی تیسری کتاب اور پہلا سفرنامہ ہے جو آپ کے سفرِ ترکی کے حال پر مشتمل ہے۔ اس کے بعد آپ نے ”دیوار چین کے سائے تلے‘‘ کے عنوان سے شائع شدہ کتاب میں اپنے سفرِ چین کے حالات بیان کیے. ”امریکا میرے آگے‘‘ حسنین نازشؔ کا نیا سفرنامہ ہے جس کی تقریبِ رونمائی کچھ روز میں متوقع ہے. آج کل نازشؔ صاحب اپنے چوتھے سفرنامہ پر کام کر رہے ہیں. آپ نے اپنا یورپ کا یہ سفر اپنے رفیقِ کار زاہد زمان صاحب کے ہمراہ کیا. اس سفر نامہ میں نازشؔ صاحب مختلف یورپی ممالک نیدرلینڈز، بیلجیئم، جرمنی، فرانس، آسٹریا اور سویٹزرلینڈ کی سیر کا حال لکھ رہے ہیں. حسنین نازشؔ کو ان کی علمی اور ادبی خدمات کے اعتراف میں کئی ملکی اور غیر ملکی تعریفی اسناد اور ایوارڈز مل چکے ہیں۔ ادارہ ”کتاب نامہ‘‘ حسنین نازشؔ کی کامیابی کے لیے دعاگو ہے.