”فرشتہ تو نہیں ہوں‘‘، ناہید گل کی سخن دانی کا پہلا پڑاؤ – محمد اکبر خان اکبر

شاعری محض جذبات،مشاہدات ، احساسات کے اظہار اور فنی لوازمات کے اعلٰی استعمال کا ہی نام نہیں یہ اس سے بڑھ کر بھی بہت کچھ ہے. یہ کسی کی شخصیت کی عکاسی بھی ہے اور اس کے تخیلات و خوابوں کی باز آفرینی بھی. ناہید گل کے شعری سفر کا نقش اولین ”فرشتہ تو نہیں ہوں‘‘ اپنی انفرادیت اور جگمگاتے اشعار کی شاعری سے سجا ہوا ہے. زبان و بیان اور الفاظ کے چناوُ کا سلیقہ اگر دیکھنا ہو تو ان کی کتاب دیکھ لیں.
ان کے اشعار دل سے نکلتے اور دلوں میں گھر کر لیتے ہیں.
مکان سج گیا تو ہاں مگر مہک نہ سکا
ان کے ہاں جدید غزل اپنی پوری خوب صورتی کے ساتھ جلوہ نما ہے. انھوں نے خود ہی لکھا ہے کہ وہ روایتی حسن و عشق کے موضوعات سے دور رہ کر اصلاحی شاعری کرتی ہیں. اردو داں طبقے اور شاعری کے مداحوں کے لیے آن کا مجموعہ کلام تازہ ہوا کا مہکتا جھونکا ہے۔ ان کی غزل ان کی شعری ریاضت کا منہ بولتا ثبوت ہے.
ادبی حلقوں میں انہیں جو پذیرائی حاصل ہے، ان کے اشعار اور فکر فن کی بدولت ہے جس سے ان کی شعری نمو کا ادراک بھی ہوتا ہے اور شعری ذوق رکھنے والے قاری ان کے فن پختگی اور شعریت کے گرویدہ ہو جاتے ہیں. ان کی غزلوں میں کلاسیکی انداز بھی دکھائی دیتا ہے:

ہے محبت کا یہ انداز بھی دلکش کتنا
پھول پکڑاوُں تو وہ ہاتھ پکڑ لیتے ہیں
منہ سے نکلی ہوئی ہر بات پکڑ لیتے ہیں
بھول کر جیت کو بس، مات پکڑ لیتے ہیں
جھوٹ سننے کا ہے عادی یہ جو سارا عالم
سچ کہوں جب تو مری ذات پکڑ لیتے ہیں

ناھید گل کے پسندیدہ شاعر اقبال ہیں، یہی وجہ ہے کہ ان کی شاعری میں اقبال کی شاعری کا عکس محسوس ہوتا ہے:

ایک ہی شخص ہے حیات مری
ماں کی بےلوث ہردعا کی طرح
خاص میرے لیے ہوا تخلیق
رب کی انمول اک عطا کی طرح

ناہید گل آسمانِ سخن کا ناہید آسماں ہیں جس سے منعکس ہونے والی روشنی ادبی افق کو مزید روشن کر رہی ہے. اپنے شہر ٹوبہ ٹیک سنگھ کے بارے میں بھی ایک منفرد نظم اس مجموعہ کلام میں موجود ہے جو ان کی اپنے شہر سے سچی وابستگی اور دل بستگی کا ثبوت ہے. داخلی و خارجی کیفیات کی عکاسی بھی ان کی شاعری کا اہم حوالہ ہے. ناہید گل معاصر خواتین شعراء میں انفرادیت اور جدیدیت کے رجحانات کا تازہ اضافہ ہیں.

دعا کرنا بخشش کی امید رکھنا
گناہوں پہ تم کو ندامت اگر ہو


شاعرہ ناہید گُل، لاہور میں رہائش پذیر ہیں جب کہ آپ کا آبائی شہر ٹوبہ ٹیک سنگھ ہے. آپ نے اردو ادب میں ایم اے اور ایم ایڈ کی ڈگری حاصل کی ہوئی ہے. آپ سابقہ گورنمنٹ سکول ٹیچر اور علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی ٹیوٹر رہ چکی ہیں.
ناہید گُل کو نثر لکھنے اور شعر کہنے کا شوق ہے۔ قومی اور بین الاقوامی علمی و ادبی گروپوں میں آپ کے کئی آرٹیکل، کہانیاں اور شاعری وغیرہ داد پا چکی ہیں۔ آپ اس وقت متعدد اخبارات اور ویب سائٹس کے لیے کالم لکھ رہی ہیں.علاوہ ازیں بچوں کے مختلف میگزین، بچوں کا باغ، جگنو، بچوں کی دنیا، پیغامِ اقبال، شاہین اور ساتھی، وغیرہ میں بھی آپ کی تحریر کردہ کہانیاں اور نظمیں شائع ہوتی رہتی ہیں۔ ساتھ ہی اردو ڈائجسٹ سپین، گوہرِ نایاب، ایڈونچر اور زندگی کے سب رنگ میں بھی آپ کے افسانچے شائع ہو چکے ہیں۔