ثمینہ راجہ کا شمار وطنِ عزیز کی ان شاعرات میں کیا جاتا ہے کہ جن کی شاعری کا تذکرہ کیے بغیر پاکستان کی نسائی شاعری کا ذکر نامکمل اور ادھورا رہ جاتا ہے. وہ ایک زود گو شاعرہ تھیں جنہوں نے اُردو ادب میں ایک درجن اعلٰی شعری مجموعوں کا اضافہ کیا.
ثمینہ راجہ اپنی ذات میں ایک ادبی انجمن تھیں. ان کا شمار اُردو ادب کی ان شخصیات میں کیا جاتا ہے جن کا اوڑھنا بچھونا صرف اور صرف ادب ہے. انہوں نے دو اہم ادبی اداروں، مقتدرہ قومی زبان اور نیشل بک فاؤنڈیشن میں ملازمت کی اور ایک لازوال طرزِ عمل کی یادیں چھوڑ گئیں.
ان کی حیات اور ادبی خدمات کے بارے میں محقق جناب محمد ثقلین ضیغم نے ایک اعلٰی تحقیقی مقالہ تحریر کیا ہے جس سے ان کی زندگی کے کئی گوشے اور ان کے فن کے بے شمار زاویے قارئین کے سامنے آ جاتے ہیں.
جناب محمد ثقلین ضیغم کو اس محنت کے عوض ایم فل کی ڈگری ملی ہے مگر جو کچھ ان کی تحقیقی کاوشوں سے سامنے آیا ہے، وہ ایک بے مثال کتاب کی صورت میں اب ہمارے سامنے ہے. ان کی یہ تحقیقی کتاب نہ صرف ایک خوددار شاعرہ کی کتھا بیان کرتی ہے بلکہ ہمارے معاشرتی اور سماجی رویوں کی عمومی عکاسی بھی کرتی ہے. محمد ثقلین ضیغم نے تحقیق کا حق ادا کرتے ہوئے اس قابل قدر مقالے کو وجود بخشا ہے. دورانِ تحقیق ان کو بے پناہ مسائل اور دشواریوں سے نبرد آزما ہونا پڑا وہ ایک الگ داستان ہے. ان تمام ناموافق حالات کے باعث فاضل محقق کی لگن اور جذبہ قابل صد ستائش ہے.
محمد ثقلین ضیغم کی یہ تحقیقی کتاب چار ابواب پر مشتمل ہے. اس کا پہلا باب ”ثمینہ راجہ کا زندگی نامہ‘‘ سب سے پر اثر اور دل گذاد کیفیات واقعات سے پر ہے. باب دوم میں وہ شاعرہ کی غزل گوئی کا گہرائی سے تجزیہ کرتے دکھائی دیتے ہیں. جناب ثقلین ضیغم نے محترمہ کی غزل کا موضوعی، فکری اور فنی جائزہ خوب محنت سے رقم کیا ہے. باب سوم مرحومہ کی نظم نگاری کے تحقیقی جائزے پر مشتمل ہے جس میں ان کی نظم کے موضوعات کا خوب جائزہ تحریر کیا گیا ہے. آخری اور چوتھا باب شاعرہ کی دیگر ادبی خدمات کا تذکرہ کرتا ہے. اس باب سے ان کی زندگی کے کئی اور پہلو بھی سامنے آتے ہیں.
یہ سب محقق کی دلچسپی اور محنت ہے کہ آج ہم ثمینہ راجہ کی نثر نگاری اور ان کی زندگی کے پر درد گوشوں سے واقف ہیں. یہ کتاب ”بزم تخلیق و تحقیق، اسلام آباد‘‘ نے شایع کی ہے. 320 صفحات پر مشتمل اس کتاب کی طباعت معیاری اور لاجواب ہے.
تعلیم، تجارت اور خدمتِ ادب: کتاب فروش آن لائن بُک سٹور – حذیفہ محمد اسحٰق
”مشاہیرِ بلوچستان“، پروفیسر سید خورشید افروزؔ کی متاثر کن تحقیق – محمد اکبر خان اکبر
”حسنِ مصر“ سے آشنائی – محمد اکبر خان اکبر
سلمان باسط اور ”ناسٹیلجیا“ کا پہلا پڑاؤ – محمد اکبر خان اکبر
اُردو کے نامور ناول نگار اور افسانہ نویس، منشی پریم چند – آمنہ سعید
نامور ادیب، پروفیسر تفاخر محمود گوندل کا بے مثال حجاز نامہ ”جلوہ ہائے جمال‘‘ – محمد اکبر خان اکبر
ممتاز شاعر اور ادیب، اکرم خاورؔ کی شاعری – آصف اکبر
ممتاز شاعرہ اور افسانہ نگار، فوزیہ تاج کی کی ایک اعلٰی افسانوی تصنیف، ”جل پری‘‘ – محمد اکبر خان اکبر
نامور کالم نگار و افسر تعلقات عامہ محترمہ تابندہ سلیم کی کتاب، ”لفظ بولتے ہیں“ – محمد اکبر خان اکبر
اسد محمد خان، فن اور شخصیت – شہزینہ شفیع