شاعر، نثر نگار اور کالم نگار، سید طاہر کا مجموعہ کلام ’’تصرف‘‘ – محمد اکبر خان اکبر

شاعری انسانی جذبات و احساسات کی بوقلمونی کیفیات کے اظہار کا ایک لطیف پیرایہ اور محیر العقول اختراع ہے کہ جس کو اختیار کرنا ہر کسی کو نصیب نہیں ہوپاتا یہ ایک خداداد صلاحیت ہے. اس کا ظہور جب قلب کی گہرائیوں سے ہوتا ہے تو اشعار کی اثر آفرینی میں بے پناہ اضافہ ہوجاتا ہے. خواجہ الطاف حسین حالی ”مقدمہ شعر و شاعری‘‘ میں تحریر کرتے ہیں کہ شاعری اکتساب سے حاصل نہیں ہوتی بلکہ جس میں شاعری کا مادہ ہوتا ہے وہی شاعر بنتا ہے شاعری کی سب سے پہلی علامت موزونی طبع سمجھی جاتی ہے.
محترم سید طاہر کا کلام پڑھ کر اور اس میں پنہاں کیفیات کو سمجھ کر مولانا حالی کے پیش کردہ خیالات پر یقین کامل حاصل ہو جاتا ہے.
ان کی کتاب میں موجود گھر کی گواہی سے یہ حقیقت آشکار ہوتی ہے کہ بہ طور ایک شاعر اور ادیب کی حیثیت سے ان پر لکھنا بہت کٹھن ہے البتہ جو کچھ میں لکھ سکا ہوں وہ آپ کے سامنے پیش کرنے کی جسارت کرتا ہوں.
سخن سرائی ایک فن کہلاتا ہے اور عصر حاضر میں اس فن کی معراج دیکھنی ہو تو معاصر شعراء میں سید طاہر سرِ فہرست دکھائی دیتے ہیں.
’’تصرف‘‘ کی ابتدا ایک خوب صورت نعت سے ہوتی ہے. ان کی نعت گوئی کا ایک زمانہ معترف ہے. ان کا نعتیہ مجموعہ ”حرف ہائے رنگ و بو‘‘ اب تک داد و تحسین سمیٹتا دکھائی دیتا ہے. وہ عشقِ مصطفیٰ ﷺ میں ڈوب کر جن نعت کہتے ہیں تو روح کو گرما دیتے ہیں.

بعد از حسن تخلیق شاہ امم جو بچا اس سے دنیا بنائی گئی
چاند تارے صبا پھول شبنم شفق نقش مذکور تک نور سے نور تک

اگر آپ نوائے دل کو الفاظ کی شکل میں قرطاس پر ابھرتے دیکھنا چاہتے ہیں تو کسی اہل تصرف کی کھوج میں جانا ہوگا. میں اسے اپنی خوش طالعی سمجھتا ہوں کہ ایک اہل تصرف سید طاہر ہمارے درمیان موجود ہیں. آپ کی شاعری قلب جگر میں اس طرح اترتی ہے جیسے سبزے پر شبنم کا نزول ہوتا ہے. ان کی شاعری محض سچے جذبات کی ترجمانی ہی نہیں بلکہ جمال فطرت کی روانی بھی ہے.

ابھی تو شاخ کے اندر نہاں ہے انگڑائی
مچل اٹھا ہے یہ گلشن سلام کرنے کو
جہاں میں کوئی میسر نہیں تو کیا غم ہے
سکوت لالہ و گل ہے کلام کرنے کو

ایک اور غزل میں فرماتے ہیں:

اگر تو پھول سے خوشبو خوشبو تلک سفر کر لے
سمجھنا عشق مکمل ہے تیرے دین کے ساتھ

سید طاہر کی شاعری کے مطالعے سے واضح ہوتا ہے کہ وہ جدید غزل کے نمائندہ شاعر ہیں. ان کے کلام میں داخلی و خارجی کیفیات کی رنگارنگی بھی ہے اور اعلٰی خیالات و جذبات کی ترجمانی بھی.
’’تصرف‘‘ کو حرف زاد پبلیکیشنز، کراچی نے خوب صورت سرِ ورق کے ساتھ شائع کیا ہے.
کتاب منگوانے کے لیے رابطہ نمبر 03310298243 ہے.

اپنا تبصرہ بھیجیں