م ص ایمنؔ کے چار ناولٹ کے مجموعہ ”شریف زادی‘‘ کی تقریبِ تعارف

طنز و مزاح نگار اور متعدد کتب کے مصنف م ص ایمنؔ کے چار ناولٹ کے مجموعہ ”شریف زادی‘‘ کی تقریبِ تعارف ”آرٹس کونسل آف پاکستان، کراچی‘‘ میں منعقد کی جا رہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق کتاب ”شریف زادی‘‘ کی یہ تقریب مورخہ 11 فروری، 2023ء کی شام 7 بجے ”حلقہ اربابِ تخلیق، کراچی‘‘ کے زیرَ اہتمام احمد شاہ بلڈنگ، حسینہ معین ہال میں منعقد کی جا رہی ہے۔ تقریب کی صدارت سابق گونر سندھ جنرل (ر) معین الدین حیدر کریں گے جب کہ مہمانانِ خصوصی میں میاں زاہد حسین اور محترم فہیم قریشی شامل ہیں۔ اس تقریب کے مہمانِ اعزاز زیب اذکار حسین ہوں گے۔ معراج جامی، پروفیسرمحمد علی منظر، نسیم انجم، سید عارف مصطفٰی اور شفیق اللہ اسمٰعیل اس تقریب سے خصوصی خطاب کریں گے۔ تقریبِ تعارف کی نظامت کے فرائض خالد میر سر انجام رہے ہیں.

یاد رہے کہ م ص ایمنؔ کا تعلق ہری پور سے ہے اور یہ کراچی میں مقیم ہیں۔ آپ ناول نگار، محقق اور ماہر تقویم کے علاوہ منفرد اسلوب کے مزاح نگار ہیں۔ م ص ایمنؔ بچوں کے لیے بھی لکھتے ہیں اور ماہنامہ ”ہمدرد نونہال‘‘ کے معروف مصنفین میں سے ہیں۔ نونہال کے قارئین بے چینی سے ان کی تحریروں کا انتظار کرتے ہیں۔ م ص ایمنؔ کی کتابیں منفرد اور چونکا دینے والے ناموں کی وجہ سے حلقہ ادب میں بے حد پسند کی جاتی ہیں۔ حال ہی میں شائع ہونے والی آپ کی یہ نوویں کتاب (ناولٹ) ”شریف زادی‘‘ حلقہ ادب سے داد سمیٹ رہی ہے۔ اس کتاب میں ”انکشاف‘‘، ”نیا قیدی‘‘، ”دلبرداشتہ‘‘ اور”شریف زادی‘‘ کے عنوان سے چار ناولٹ شامل ہیں۔

اس سے قبل م ص ایمنؔ کے تحریر کردہ ناول ”کنگلے کا بنگلا‘‘ اور ”وفا کی وفات‘‘ بین الاقوامی سطح پر مقبولیت حاصل کرچکے ہیں. ”کنگلے کا بنگلا‘‘ پر گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین، ہری پور کی طالبہ مشعل نے تحقیقی مقالہ برائے بی ایس اردو مکمل کیا جب کہ ناول ”وفا کی وفات‘‘ اسی کالج کی طالبہ سمعیہ اقبال نے اپنا بی ایس اُردو کا مقالہ بھی مکمل کیا ہے۔ علاوہ ازیں کتاب ”سنگ بے بنیاد‘‘ کے ایک حصے ”نصفانے‘‘ میں سے افسانے منتخب کرکے ان پر تحقیق ہورہی ہے۔ ناول ”کنگلے کا بنگلا‘‘ کا نیا ایڈیشن زیرِ طبع ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں