نیشنل کونسل آف رائٹرز پاکستان کے زیرِ اہتمام معروف ادبی شخصیت، ممتاز افسانہ نگار اور تین سفرناموں کی مصنفہ محترمہ مشرف مبشر کے اعزاز میں آرٹس کونسل راولپنڈی میں تقریب کا انعقاد کیا گیا.
تقریب کی صدارت عالمی شہرت یافتہ دانشور و شاعر ڈاکٹر مقصود جعفری نے کی جب کہ ممتاز دانشور، تنقید نگار، شاعر اور محقق ڈاکٹر نثار ترابی مہمان خصوصی تھے. اس تقریب کی مہمانِ اعزاز ممتاز شاعرہ اور ادیبہ محترمہ فرخندہ شمیم تھیں ۔ نیشنل کونسل آف رائٹرز پاکستان کے صدرنشین، ممتاز صحافی اور شاعر نیئرسرحدی، افسانہ نگار حمید قیصر، معروف ادیب، شاعر و سفرنامہ نگار حسنین نازشؔ، پروفیسر نازیہ حنیف، افسانہ نگار معظمہ تنویر، محرمتہ رفعت انجم، سینئر صحافی عالی بنگش اور صاحبہ مجلس کے فرزند شہاب علی نے محترمہ مشرف مبشر کی شخصیت اور فکر و فن پر تفصیلی روشنی ڈالی.
تقریب کا آغاز معروف پنجابی شاعر اتفاق بٹ نے حمد باری تعالٰی سے کیا اور اظہر حجازی نے ہدیہ نعت رسولﷺ پیش کیا۔ تقریب کی نظامت کے فرائض ممتاز دانشور ڈاکٹر شیر علی نے انجام دیے۔ محترمہ رفعت انجم نے صاحبہ محفل کو منظوم خراج تحسین پیش کیا۔ جب کہ محترمہ نعیم فاطمہ علوی کی عدم موجودگی کے سبب ان کے مضمون کے اقتباسات ناظم تقریب نے پڑھ کر سنائے.
معروف شعراء شکیل اختر، سعید دوشی، احمد ظہور، صباح کاظمی، عابد جنجوعہ اورنگزیب سجن نے خاص طور پر تقریب کو رونق بخشی. ماہنامہ ”اخبارِ اُردو‘‘ کے مدیر، ممتاز صحافی اور ادیب سید تجمل حسین، ”روزنامہ جہان‘‘ کے چیف ایڈیٹر سید حسن وقار تراب، ”آئی این این چینل‘‘ کے ڈائریکٹر سردار وجاہت، ”پاک افغان جرنلسٹ فورم‘‘ کے چیئرمین قمر یوسف زئی، نوجوان صحافی قدیر حسین، مقتدرہ قومی زبان کے ڈپٹی سیکرٹری عارف حسین عارف، پروفیسر حافظ محمد ناصر اور سید ظہور حسین بھی تقریب میں شریک ہوئے، جب کہ پی ایچ ڈی سکالرز یمنا رعنا، خورشید بانو، صائمہ تبسم، محمد اورنگزیب اور نایت الرحمٰن بھی شرکاء میں شامل تھے.
تقریب کے میزبان نیشنل کونسل کے مرکزی سیکرٹری جنرل معروف صحافی اور انشائیہ نگار سید نجف شیرازی نے تمام معزز مہمانان گرامی کا شکریہ ادا کیا اور آخر میں نیشنل کونسل آف رائٹرز پاکستان کی جانب سے محترمہ مشرف مبشر کو اعزازی شیلڈ پیش کی گئی.
محترمہ مشرف مبشر پر تفصیلی مواد درکار ہے۔
اور ساتھ ساتھ انکا مجموعہ سب سچ بھی درکار ہے
مجھے مصنفہ کے بارے میں مواد چاہیے