لکی نمبر 6262
امریکہ پہنچتے ہی فیصل غفور مجھے ساتھ لے کر اپنے ایک دوست کاشان کے مارٹ پر لے گا۔ یہ مارٹ گھر سے کوئی 15 منٹ کی واک پر واقع تھا۔ ان دونوں کی خوب گاڑھی چھنتی تھی۔ دونوں کو سپرنگ فیلڈ میں اکٹھے رہتے ہوئے 11 برس ہوگئے ہیں۔ فیصل اس سے پہلے سے ہی سپرنگ فیلڈ میں قیام پذیر ہے۔ فیصل نے مارٹ میں داخل ہوتے ہی ریڈ بُل کا کین منہ سے لگایا اور چند سیکنڈز میں غٹاغٹ کین کو خالی کر کے کاشان کے برابر جا بیٹھا۔ میرا کاشان سے تعارف کروایا۔ صاحب سلامت ہو ہی رہی تھی کہ اتنے میں ایک 83 سالہ معمر امریکی اپنی واکر کو گھسیٹتے ہوئے کاؤنٹر تک پہنچا۔ ان بزرگ کا نام ہربی تھا۔ آتے ہی انہوں نے 20 ڈالر کاونٹر پر ادا کیے۔ 10 ڈالر کے سگریٹ اور بقیہ 10 ڈالر کی لاٹری کھیلی۔ 83 سال کی عمر میں لاٹری کھیلنا، جب کہ نہ کوئی بیٹا نہ بیٹی، گزشتہ 7 برس سے رنڈوے، مگر ہر روز بلا ناغہ لاٹری کھیلتے ہیں.
ایک ہی نمبر سے، یعنی 6262۔ کاشان نے بتایا کہ 4 ماہ پہلے ان کی چار ہزار ڈالر کی لاٹری نکلی تھی۔ یہ سرکاری لاٹری ہے جس کی ساری آمدنی مسیاچوسس کے سرکاری سکول چلانے کے کام آتی ہے۔ ان سکولوں میں بچوں کی نہ صرف تعلیم مفت ہے بلکہ ساتھ ہی انہیں ناشتہ اور دن کا کھانا بھی مفت میں دیا جاتا ہے۔
خیر بات ہو رہی تھی اپنے معمر امریکی ساتھی ہربی کی۔ انہوں نے بتایا، انہیں امید ہے کہ ان کی ایک نہ ایک دن 1 ملین ڈالر کا سب سے بڑا انعام ضرور نکلے گا۔ میں نے پوچھا کہ حضور اگر 1 ملین ڈالر کا انعام نکل آیا تو کیا کریں گے؟ جواب دیا کہ اپنے غریب دوستوں میں تقسیم کروں گا، کاشان کو اپنے گھر کی قسطیں دینی ہیں، اس کا سارا قرض اتاروں گا۔ ایک بڑی سی پارٹی کروں گا اور سب دوستوں یاروں کو مدعو کروں گا۔ تم بھی آنا حسی (انہوں نے مجھے نک نیم دیا)۔
مگر اس ساری لاٹری کے انعام میں آپ کو کیا ملے گا؟ آپ کیا کریں گے اس انعامی رقم کا جس کی تگ و دو میں آپ دس سالوں سے ہر روز 10 ڈالر خرچ کر رہے ہیں؟
مجھے کچھ نہیں چاہیے۔ میرے دو گھر ہیں، ایک مَیں اپنی بیوی کی وصیت کے مطابق اس کی بھانجی کے نام کر چکا ہوں اور دوسرے گھر کا کرایہ اور پینشن کی رقم میری بقیہ زندگی کے لیے بہت ہیں۔
اوہ ہو تو بابا یہ ضرور اتنا تردد کیوں؟ وہ بھی دس سال سے؟
یہ لاٹری میری بیوی نے خریدنا شروع کی تھی۔ میرا اور اس کا 42 سال کا ساتھ رہا۔ وہ ایک ہسپتال میں نرس تھی۔ ریٹائرمنٹ کے بعد وہ محض 3 برس زندہ رہی۔ ان 3 برسوں میں وہ ہر روز 6262 نمبر سے لاٹری کھیلتی رہی۔ اب اس کے مرنے کے بعد میں بھی اسے یاد کرتے ہوئے ہر روز 10 ڈالر کی لاٹری اپنی بیوی اینجلا کے نام کی، اسی کے لکی نمبر سے کھیلتا ہوں۔ ایک نہ ایک دن لاٹری کا سب سے بڑا انعام نکل ہی آئے گا اور میں اینجلا کے خواب پورے کروں گا…
ہربی واکر گھسیٹتے ہوئے واپس ہونے لگے۔ مجھے ان پر اس قدر پیار آیا کہ ان کے ساتھ ایک تصویر بنوا لی۔