’’ادارہ ادبِ اطفال‘‘ میں ڈاک خانہ کے نظام پر ورک شاپ

دفتر ’’ادارہ ادبِ اطفال‘‘ بھٹکل میں پوسٹ کے اصول، اس کے کام اور طریقہ کار پر بچوں کی تنظیم کاروان اطفال بھٹکل کی طرف سے منفرد پروگرام منعقد ہوا، جس میں مہمان خصوصی کے طور پر کاروار ڈسٹرکٹ کے پوسٹ مارکٹنگ منیجر جناب رگھوویندرا اچاریہ اور پوسٹ ماسٹر بھٹکل پوسٹ آفس جناب گنپتی ماہا بالا تشریف لائے۔
اس اہم جلسے میں سابق استاد جامعہ اسلامیہ بھٹکل ماسٹر سیف اللہ صاحب نے مہمانوں کے سامنے کنڑ زبان میں ادارہ ادب اطفال کا تعارف اور مہمانوں کا استقبال کیا۔ عبید ارمار کی تلاوت سے شروع ہونے والے اس دلچسپ جلسے میں کاروان کلاسز کے بچوں نے مختصر کارکردگی اور اپنے فن کا مظاہرہ کرکے مہمانوں سے خوب داد وصول کی۔ جناب رگھو ویندرا اچاریہ نے اپنے موضوع پر گفتگو کرنے سے قبل ادارہ ادب اطفال کی سرگرمیوں پر تعجب کا اظہار کرتے ہوئے اس کو ہندوستان بھر کے بچوں کے لیے آگے بڑھنے کا خوبصورت پلیٹ فارم کہا اور بچوں کی صلاحیتوں پر مبارک باد پیش کی۔ انھوں نے ادارے کے ذمہ داران کی ان کوششوں کو سلام پیش کیا۔
رگھو ویندرا صاحب نے پوسٹ اور اس کی بہت سی اسکیموں کو اسکرین پر سمجھایا اور سرکاری سہولیات سے فائدہ اٹھانے کی ترغیب دی۔
پوسٹ ماسٹر صاحب نے بھی اس موقع پر اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ادارہ ادب اطفال کے لیے ہمہ وقت اپنی خدمات پیش کرنے کی یقین دہانی کی۔
اس موقع پر ادارے کے جنرل سکریٹری عبداللہ غازی ندوی نے بچوں کے سامنے پوسٹ اور اس کی تاریخ اور طریقہ کار پر روشنی ڈالی اور پوسٹ کے مختلف نمونے اور پوسٹنگ کے مخصوص لفافوں کے ذریعے بچوں کو سمجھانے کی حتی المقدور کوشش کی۔
پروگرام میں آنے والے مہمانوں کی شال پوشی کی گئی اور انھیں ادارہ کی طرف سے مومنٹو سے بھی نوازا گیا ۔
اس پروگرام‎ میں بھٹکل کے کئی علاقوں سے بچوں کی بہت بڑی تعداد موجود تھی ۔ آخر میں بچوں نے سوالات کرکے مہمانوں کو مزید متاثر کیا۔
واضح رہے کہ یہ بچوں کی تنظیم کاروان اطفال کی پانچویں میعاد کا پہلا اجلاس تھا، جو کاروان ثقافتی کمیٹی کی طرف سے منعقد ہوا۔ اس منفرد پروگرام کے انعقاد پر امیر کاروان کے لیے ڈھیروں مبارک بادیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ امیر کاروان شبیث درگا نے اپنی امارت کے پہلے ہی دن پوسٹ ماسٹر سے ملاقات کرکے پروگرام طے کیا تھا۔

کاروان میڈیا
بشکریہ: محبوب الہیٰ مخمور