زندہ… مبشر علی زیدی

اس ہفتے میں کتابیں بیچنے کے لئے میانی صاحب گیا۔
مردہ دل زندہ لوگ اب کتابیں کہاں خریدتے ہیں!
قبرستان میں کافی اچھا رسپانس ملا۔
کئی مُردوں نے جنتریاں خریدیں، کئی نے ڈائجسٹ،
ایک نے ابن صفی کا ناول مانگا۔
انتظار حسین کو دیکھ کر مجھے تعجب ہوا،
’’آپ تو کسی اور قبرستان میں مقیم ہیں۔‘‘
وہ مسکرائے، ’’ہاں، منٹو سے ملنے آیا ہوں۔
ناصر کاظمی کی کلیات ہیں تمہارے پاس؟‘‘
میں نے منٹو سے پوچھا،
’’آپ کوئی کتاب نہیں خریدیں گے؟‘‘
منٹو نے روکھے لہجے میں کہا،
’’نہیں۔ مجھے بس ایک قلم اور سادہ کاغذ کا دستہ دے دو۔‘‘

اپنا تبصرہ بھیجیں