”پاکستان زندہ باد‘‘ – غلام حسین میمن

3 جون، 1947ء کو تقسیمِ ہند کے اعلان کے وقت آل انڈیا ریڈیو ، دہلی سے قائد اعظم محمد علی جناحؒ نے انگریزی میں تقریر کی. اس تقریر کے آخر میں قائد اعظمؒ نے ”پاکستان زندہ باد‘‘ کا نعرہ لگایا. قائد اعظمؒ کی اس تقریر کا اُردو ترجمہ اپنی آواز میں نشر کرنے کا موقع سید انصار ناصر کو ملا. بعد میں انہوں نے ریڈیو پاکستان میں اپنی خدمات انجام دیں اور اعلیٰ عہدوں تک پہنچے. سید انصار ناصر نے 3 جون، 1947ء سے 14 اگست، 1947ء تک کے واقعات پر مشتمل ایک کتاب ”پاکستان زندہ باد‘‘ تحریر کی.
”پاکستان زندہ باد‘‘ قومی نغمات کے ایک مجموعے کا بھی نام ہے جس کے شاعر اُمید فاضلی ہیں. اُمید فاضلی کا اصل نام ممد شاد تھا. وہ 7 نومبر، 1923ء کو پیدا ہوئے. انہوں نے 9 سال کی عمر میں پہلی غزل کہی. قومی شاعری پر مشتمل ان کا ایک اور مجموعہ ”تب و تاب جاودانہ‘‘ ہے. اُمید فاضلی کا انتقال 28 ستمبر، 2005ء کو کراچی میں ہوا.