ممتاز شاعر، ادیب، کمپیئر، براڈکاسٹر اور محقق کے طور پر جانے پہچانے سید آلِ عمران وفات پا گئے ہیں. آپ پوٹھوہاری لینگویج اینڈ کلچرل کونسل کے چیئرمین اور پوٹھوہاری کتابی سلسلہ ”سرگ‘‘ کے مدیر بھی تھے. علاوہ ازیں آپ نے پاکستان ٹیلی وژن، ریڈیو پاکستان، کے ٹو ٹی وی اور پاکستان کے بڑے ایف ایم ریڈیوز پر ادبی، تاریخی، مذہبی اور ثقافتی پروگرام پیش کیے. سید آلِ عمران ”ہمارے حضور ﷺ‘‘، ”دیارِ نور‘‘، ”ھمارا گوجرخان‘‘ اور ”پوٹھوہاری کہانیاں‘‘ سمیت بہت سی کتابوں کے مصنف بھی تھے.
سید آلِ عمران کو پاکستان ٹیلی وژن سے متعدد بار بہترین اینکر پرسن کے ایوارڈز مل چکے ہیں. آپ پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس، اکادمی ادبیات پاکستان، نیشنل بک فاؤنڈیشن، راولپنڈی آرٹس کونسل، مری آرٹس کونسل، الحمرا آرٹ سنٹر لاہور، خانہ فرھنگ جمہوری اسلامی ایران اور علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی مختلف علمی، ادبی، ثقافتی تقریبات میں حصہ لیتے رہے اور اپنے علاقے کی نمائندگی کرتے رہے ہیں.
پاکستان کی ثقافت، ادب، تاریخ اور روایات کو دنیا بھر میں متعارف کروانے کا سہرا مرحوم سید آلِ عمران کے سر رہا ہے. آپ نے ہمیشہ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کیا اور بھائی چارے کے درس دیے. مسالک کے درمیان محبت و اخوت کی فضا قائم کرنے پر سید آلِ عمران مرحوم کی خدمات کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھا جائے گا. اخوت اور بھائی چارے کی ایسی عمدہ فضا کا قیام ہی تمام عمر آپ کی پہچان اور شناخت رہا.
سید آلِ عمران کی وفات پر مختلف ادبی، سماجی، ثقافتی، سیاسی اور مذہبی حلقوں نے افسوس کا اظہار کیا ہے اور مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی ہے.