”یارِ من ایران‘‘ کی تقریبِ رونمائی

انٹرنیشنل موٹر بائک ٹورسٹ اور سفرنامہ نگار عبد المنان ملک کی نئی کتاب ”یارِ من ایران‘‘ کی تقریب رونمائی منعقد کی جا رہی ہے. تقریب رونمائی کا انعقاد ”عاملی یومِ سیاحت‘‘ کے موقع پر راولا کوٹ، آزاد جموں و کشمیر میں بنجوسہ جھیل کے مقام پر کیا جا رہا ہے. 27 ستمبر، 2020ء کو منعقد ہونے والی اس تقریب کے مہمانانِ گرامی میں ڈپٹی کمشنر راولاکوٹ، محکمہ سیاحت آزاد جموں و کشمیر کے نمائندے اور صدر پریس کلب راولاکوٹ کے علاوہ پونچھ لینڈ پرائیویٹ لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو افنان نواز بھی شامل ہوں گے.

یاد رہے کہ ”یارِ من ایران‘‘ عبد المنان ملک کی چوتھی کتاب ہے جو لاہور سے تہران (ایران) تک، موٹر بائک پر کیے گئے 25 روزہ سفر کی داستان ہے. اس سے قبل عبد المنان ملک کی تین کتب، ٹورسٹ گائیڈ ”یہ ہے پاکستان‘‘ (2014 اور 2019ء)، ”لہور لہور اے‘‘ (2017ء) اور ”نگارِ وطن‘‘ (2019ء) شائع ہو چکی ہیں.

عبد المنان ملک کی پہلی کتاب ”نگارِ وطن‘‘ کی تقریب رونمائی 14 اگست 2019ء کو ایران کے دارالحکومت تہران میں واقع پاکستان کے سفارت خانے میں جشنِ آزادی کے موقع پر کی گئی۔ جب لاھور پاکستان سے 16 رکنی موٹر بائیکس کا قافلہ ایران کے 25 روزہ سفر پر تہران پہنچا۔ یہ یاد رہے کہ پاکستان کی 73 سالہ تاریخ میں یہ پہلا موقع تھا کہ جب پاکستان کی سرحدوں کے پار موٹر سائیکل سوار گروپ کی صورت میں گئے ھوں۔ اسی طرح کتاب ”لہور لہور اے‘‘ کی تقریب رونمائی پاک چین سرحد، خنجراب ٹاپ (سولہ ھزار فٹ بلند) پر 27 ستمبر 2017ء کو عالمی یومِ سیاحت کے موقع پر ہوئی۔ اس موقع پر ایک ہزار کے لگ بھگ سیاح وہاں موجود تھے۔ کراس روٹ موٹر سائیکل اینڈ ٹریولرزکلب آف پاکستان انٹرنیشنل کی طرف سے یہ تقریب منعقد کی گئی۔ اس سے پہلے دنیا میں اتنی زمینی بلندی پر کہیں بھی کسی کتاب کی تقریب رونمائی نہیں ھوئی۔ اس لحاظ سے یہ ایک عالمی ریکارڈ ھے۔