اردو شاعری کا نگہتوں سے بھر پور چمنستان غمِ جاناں اور غمِ دوراں ہی کے رنگوں سے آراستہ و پیراستہ ہونے کے ساتھ ساتھ مزاح و فکاہیہ شاعری کی شگفتہ کلیوں کا بھی. حامل ہے، جو اپنی دل آویزی اور بلند خیالی سے قاری کے چہرے پر تبسم بکھیرتی نظر آتی ہیں۔ مزاحیہ شاعری دراصل تلخ و شیریں معاشرتی حقیقتوں کو نہایت خوش گوار اور قابل برداشت انداز میں بیان کرنے کا وہ سلیقہ ہے جس میں ہنسی محض ہنسانے اور تفریح فراہم کرنے کے لیے نہیں، بلکہ سوچنے پر بھی آمادہ کرتی محسوس کی جا سکتی ہے۔ مزاح گو شاعر قہقہوں اور مسکراہٹوں کو چہروں پر بکھیرنے کے ساتھ ساتھ دل و دماغ میں فکر کا چراغ بھی روشن کرتا چلا جاتا ہے۔
مزاحیہ شاعری کی سب سے نمایاں خصوصیت یہ ہے کہ وہ تلخ سماجی حقائق کو شیریں الفاظ کا دل ربا جامہ پہنا کر فہم و ادراک کے دریا کو کوزے میں بند کر دیتی ہے۔ اس میں طنز، ظرافت، برجستگی، شگفتگی، لطافت اور موقع شناسی بنیادی عناصر کی حیثیت رکھتے ہیں۔ عمدہ مزاح کبھی بھی کردار کشی، پکھڑ پن، تمسخر، پھبتی یا بازاری مذاق کا نام نہیں، بلکہ تہذیب، شائستگی،ادب، اخلاق اور فکری بالیدگی کے ساتھ قاری کو مسکراہٹوں سے آشنا کرنے کا وہ ہنر ہے جو بہت کم شعراء کرام کے حصے میں آتا ہے. یہ کہنا حق بجا ہے کہ بہترین مزاح وہ ہے جس پر قاری یا سامع بے ساختہ ہنسے، پھر کچھ دیر بعد سوچنے پر مجبور ہوجائے.
فنی اعتبار سے مزاحیہ شاعری نہایت نازک صنفِ سخن ہے۔ معمولی سی لغزش مزاح کو ابتذال اور ظرافت کو پھکڑ پن میں بدل سکتی ہے۔ اس لیے ایک مزاح نگار کو زبان و بیان پر غیر معمولی دسترس، محاورے پر عبور، الفاظ کے انتخاب و چناو میں مہارت اور موقع کی مناسبت کا کامل شعور ہونا چاہیے۔ برجستہ تشبیہات، بامعنی استعارے، غیر متوقع مگر فطری نتیجہ، اور لطیف طنز اس صنف کے حسن کو دوچند کر دیتے ہیں۔
مزاحیہ شاعری کی سماجی اہمیت بھی بہت زیادہ ہے۔ یہ معاشرتی برائیوں، سیاسی بے اعتدالیوں، اخلاقی تضادات اور انسانی کمزوریوں کی نشاندہی اس انداز سے کرتی ہے کہ اصلاح کا پہلو بھی برقرار رہتا ہے اور دل آزاری بھی نہیں ہوپاتی۔ یوں شاعر ایک طبیب کی مانند تلخ دوا کو گھلاوٹ اور چاشنی میں لپیٹ کر پیش کرتا ہے۔ اگر سنجیدہ شاعری آنکھوں کو نم کرتی ہے تو مزاحیہ شاعری ہونٹوں پر مسکراہٹ سجا کر دل کا بوجھ ہلکا کرنے پر قدرت رکھتی ہے۔
مزاحیہ شاعر کی کیفیات بھی بڑی دلچسپ ہوتی ہے۔ وہ بسا اوقات معاشرے کے ایسے دکھوں پر ہنستا ہے جن پر عام آدمی صرف آہیں بھر سکتا ہے۔ یہی وہ فن ہے جو آنسوؤں کو تبسم میں اور تلخی کو لطافت میں تبدیل کر دیتا ہے۔ جس معاشرے میں مسکراہٹ زندہ ہو، وہاں امید بھی زندہ رہتی ہے۔
اردو ادب میں طنز و مزاح محض تفریح کا ذریعہ نہیں بلکہ معاشرتی اصلاح، فکری بیداری اور تہذیبی شعور کی ایک مؤثر ادبی روایت ہے۔ مزاح زندگی کی تلخیوں کو مسکراہٹ میں ڈھالنے کا فن ہے، جب کہ طنز معاشرے کی خامیوں، منافقت، ناانصافی اور فرسودہ رویّوں پر مہذب انداز میں ضرب لگانے کا نام ہے۔ یہی سبب ہے کہ اردو شاعری میں طنز و مزاح نے ہمیشہ اصلاحِ معاشرہ کا فریضہ انجام دیا ہے۔اردو کی مزاحیہ شاعری کی تاریخ نہایت تابناک ہے۔ ابتدائی دور میں انشا اللہ خان انشا اور نظیر اکبر آبادی نے روزمرہ زندگی کے موضوعات کو خوش اسلوبی سے شعر کا حصہ بنایا۔ اگلے دور میں اکبر الہ آبادی نے طنز و مزاح کو قومی اور تہذیبی شعور کی آواز بنایا اور اصلاح معاشرت کی کاوشوں میں اپنا حصہ ڈالا۔ بعد ازاں ظریف لکھنوی، شوکت تھانوی، سید محمد جعفری، کنور مہندر سنگھ بیدی سحر، دلاور فگار، ساغر خیامی،سید ضمیر جعفری، انور مسعود اور خالد عرفان جیسے شعرا نے مزاحیہ شاعری کو نئی جہتیں عطا کیں۔ ان شعرا نے ثابت کیا کہ مزاح ادب کی کم تر صنف نہیں بلکہ ایک نہایت نازک اور مشکل ترین فن ہے، جس میں زبان، شگفتگی، فکر اور مقصدیت کا حسین امتزاج انتہائی ضروری ہوا کرتاہے۔
سید معین اختر صاحب سے میری شناسائی ایک دہائی سے کچھ زیادہ عرصے پر محیط ہے. ان سے متعدد ملاقاتیں جناب شہزاد احمد شیخ مرحوم کی اقامت گاہ ریلوے ریسٹ ہاوس کوئٹہ میں ہوا کرتی تھیں پھر معلوم ہوا کہ وہ روشنیوں کے شہر جا بسے، البتہ گاہے بگاہے فون پر گفتگو کا موقع ملتا ہے. یہ ایک واضح حقیقت ہے کہ ان کی شاعری جملہ رموز و محاسن سے مزین ہے۔

اگر صوبہ بلوچستان کی ادبی روایت پر نظر ڈالی جائے تو یہاں سنجیدہ شاعری کی مضبوط روایت کے ساتھ طنز و مزاح کا سلسلہ بھی موجود رہا ہے، اگرچہ اس میدان میں تخلیق کاروں کی تعداد انتہائی کم رہی ہے. صوبہ بلوچستان کے شعراء کرام نے مقامی معاشرت، بیوروکریسی، سیاسی رویّوں، سماجی تضادات اور بشری کمزوریوں کو مزاحیہ پیرائے میں پیش کیا، تاہم صاحبِ دیوان مزاحیہ شاعر میرے میری ناقص رائے میں سوائے سید معین اختر نقوی کے ہنوز اور کوئی نہیں۔ ایسے ماحول میں سید معین اختر نقوی کا نام اور کام ایک نمایاں اور منفرد حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے بلوچستان میں اردو مزاحیہ شاعری کو نہ صرف وقار بخشا بلکہ اسے ایک مستقل ادبی شناخت بھی عطا کی۔
سید معین اختر نقوی بلوچستان کے معروف اور غالباً واحد صاحبِ دیوان مزاحیہ شاعر ہیں۔ ان کا مزاحیہ شعری مجموعہ ”منکر نکیر‘‘ ایک ایسا گلدستہ ہے، وہ شگفتہ مرقع جس میں ان کی مزاحیہ اور طنزیہ شاعری کو یکجا کیا گیا ہے۔ ”منکر نکیر‘‘ کو مطالعہ قاری کو اس احساس سے آشنا کرتا ہے کہ شاعر کے نزدیک مزاح کا مقصد محض قہقہہ پیدا کرنا یا چہروں پر مسکراہٹیں سجانا ہی نہیں بلکہ معاشرے کی اصلاح اور انسانی کردار کی تطہیر ہے۔ وہ اپنے عہد کی سیاسی، سماجی، تعلیمی اور اخلاقی خرابیوں کو بڑی شائستگی اور لطافت کے ساتھ موضوع بناتے چلے جاتے ہیں۔ ان کے اشعار میں طنز کی کاٹ بھی ہے، مزاح کی شیرینی بھی، فکری گہرائی بھی۔اور معنی کی اونچی اڑان بھی، ان کے یہاں کہیں بھی بازاری پن،حیا باختہ یا غیر شائستگی کا احساس پیدا نہیں ہوتا، بلکہ زبان کی تہذیب ہر جگہ برقرار رہتی ہے۔
سید معین اختر نقوی کی شاعری کی ایک نمایاں خصوصیت یہ ہے کہ وہ روزمرہ زندگی کے عام واقعات کو غیر معمولی فنی مہارت سے شعری تجربہ بنا دیتے ہیں۔ ان کے ہاں سرکاری نظام، معاشرتی رویّے، سیاسی وعدے، تعلیمی مسائل، مہنگائی، انسانی نفسیات اور معاشرتی منافقت سبھی طنز کے دائرے میں آتے ہیں، مگر ان کی زبان میں تلخی کے بجائے شگفتگی اور لطافت غالب رہتی ہے۔ یہی خوبی ان کی شاعری کو دیرپا اثر انگیزی عطا کرتی ہے۔ ان کے ہاں مزاح تمسخر اور ہزل سے پاک ہے. ان کی شاعری میں برجستگی، طنز و ظرافت کے باوقار شعری نمونے دکھائی دیتے ہیں. بعض مقامات پر الفاظ کے الٹ پھیر سے مزاح تخلیق کیا ہے. انھوں نے تلخ معاشرتی و سماجی حقائق کو طنز و مزاح کی گھلاوٹ میں بھگو کر پیش کیا ہے. ان کے اس مجوعے میں غزل، قطعات اور نظموں کے علاوہ مزاحیہ ہائیکو بھی شامل ہیں. جیسے کہ وہ کہتے ہیں:
پانی، بجلی، گیس
آج کی یہ لیلائیں ہیں
اور ہم شہری قیس
یہ مزاحیہ ہائیکو اپنی مختصر ہیئت کے باوجود معنی کی وسعت، سماجی شعور اور طنز کی لطافت کا بہترین نمونہ اور معنوی وسعت کی حامل ہے۔ معین اختر نقوی نے جاپانی صنفِ ہائیکو کی اختصار پسندی کو اردو مزاح کے ساتھ اس خوبی سے ہم آہنگ کیا ہے کہ صرف تین سطروں میں ایک پورا عہد، ایک معاشرتی بحران اور ایک شہری کی بے بسی کو سمو دیا ہے۔ اس ہائیکو کا مرکزی حسن استعارہ آفرینی میں پوشیدہ ہے۔ شاعر نے پانی، بجلی اور گیس کو صرف بنیادی شہرہ سہولیات کے طور پر پیش نہیں کیا بلکہ انہیں ”لیلائیں‘‘ قرار دے کر کلاسیکی عشق کی روایت کو عصرِ حاضر کے مسائل سے جوڑ دیا ہے۔ گویا آج کا انسان کسی محبوبِ دلربا کا نہیں بلکہ پانی، بجلی اور گیس کے حصول کا اسیر ہے۔ اس طرح قیس، جو صدیوں سے عشق و جنون کی علامت ہے، یہاں ایک جدید شہری کے استعارے میں ڈھل کر غیر معمولی خیال آفرینی کا مظہر بن جاتا ہے۔ اس تخلیقی الٹ پھیر نے مزاح کو گہری طنزیہ معنویت عطا کر دی ہے۔ فنی اعتبار سے شاعر نے تلمیح کا نہایت کامیاب استعمال کیا ہے۔ لیلیٰ و مجنوں کی معروف داستان کو موجودہ شہری زندگی کے بنیادی مسائل سے وابستہ کر کے ایک ایسا تقابل قائم کیا گیا ہے جو قاری کو پہلے مسکرانے اور پھر سوچنے پر مجبور کرتا ہے۔ یہی مہذب اور بامقصد مزاح کی پہچان ہے۔ زبان نہایت سادہ، رواں اور روزمرہ سے قریب ہے، مگر معنوی سطح پر گہری تہہ داری رکھتی ہے۔ معین اختر نقوی مختصر ترین شعری قالب میں بھی گہری سماجی بصیرت، شگفتہ طنز، ادبی تلمیح اور تخلیقی ندرت کو یکجا کرنے کا ہنر رکھتے ہیں۔ ان کے یہاں مزاح محض تفریح نہیں بلکہ معاشرتی حقیقتوں کی مؤثر اور بلیغ ترجمانی بن جاتا ہے۔
ان کے مزاح میں مقصدیت نمایاں ہے۔ وہ اصلاح چاہتے ہیں مگر خطابت سے گریز کرتے ہیں۔ وہ ہنساتے ہیں مگر ہنسی کے بعد قاری کو اپنے گرد و پیش کا نیا شعور بھی عطا کرتے ہیں۔ یہی وہ وصف ہے جو بڑے طنز نگاروں کا امتیاز سمجھا جاتا ہے۔ لسانی اعتبار سے بھی سید معین اختر نقوی کی شاعری قابلِ تحسین ہے۔ ان کی زبان نہایت رواں، شستہ اور ادبی ہے۔ محاورے، روزمرہ، برجستہ تراکیب اور برجستہ قوافی ان کے فنی شعور کی دلیل ہیں۔ ان کے اشعار میں بے ساختگی اس قدر فطری محسوس ہوتی ہے کہ قاری کو کہیں تصنع یا بناوٹ کا احساس نہیں ہوتا۔ یہی فنی پختگی ان کے مجموعے کو محض مزاحیہ کلام نہیں بلکہ باوقار ادبی سرمایہ بنا دیتی ہے۔ یہ امر بھی قابلِ ذکر ہے کہ سید معین اختر نقوی صرف مزاحیہ شاعر ہی نہیں بلکہ سنجیدہ شاعری میں بھی اپنی منفرد شناخت رکھتے ہیں۔ ان کا سنجیدہ شعری مجموعہ ”ٹھہر بادِ ہنر‘‘ اہلِ ادب سے بھرپور داد و تحسین حاصل کر چکا ہے۔ سید معین اختر نقوی کی مزاح نگاری کا ایک نمونہ ملاحظہ فرمائیں:
ازل سے عشق خرچے کی علامت ہے
لہو پیسے کا ہی کروانا پڑتا ہے
جو محبوبہ کو لے کر دو موبائل فون
تو اس میں کارڈ بھی ڈلوانا پڑتا ہے
ان کی مزاحیہ شاعری سطحیت اور محض تفریح تک محدود نہیں رہتی بلکہ اس کے پس منظر میں ایک حساس، بالغ نظر اور فکری طور پر پختہ تخلیق کار دکھائی دیتا ہے۔ سنجیدہ اور مزاحیہ دونوں میدانوں میں کامیابی ان کے ہمہ جہت ادبی شعور کا ثبوت ہے۔”منکر نکیر‘‘ دراصل ہمارے معاشرے کا ایک شعری آئینہ ہے، جس میں معاشرتی رویّے، انسانی کمزوریاں، سیاسی تضادات اور تہذیبی مسائل نہایت فنکارانہ انداز میں منعکس ہوئے ہیں۔ اس مجموعے کی اہمیت صرف اس اعتبار سے نہیں کہ یہ بلوچستان کے ایک ممتاز شاعر کا مزاحیہ دیوان ہے، بلکہ اس لیے بھی کہ اس نے بلوچستان میں طنز و مزاح کی روایت کو نئی زندگی عطا کی اور اس صنف کے امکانات کو مزید وسعت بخشی۔
سواری کون سی چاہے گی اب رفتار طوفانی
ٹریفک کی یہ حالت اور کہیں ہم نے نہیں دیکھی
کہ ہم پیدل تھے اور بازار کا چکر لگا آئے
ٹریفک میں پھنسی گاڑی کھڑی ہم. نے وہیں دیکھی
مزاحیہ قطعات میں سید معین اختر نقوی کی مزاح نگاری اپنے بھرپور فنی شعور، تازہ مشاہدے اور برجستہ طنزیہ انداز کے ساتھ جلوہ نما ہوتی ہے ۔ انہوں نے روزمرہ زندگی کے عام مناظر کو اس مہارت اور چابکدستی سے شعری قالب میں ڈھالا ہے کہ قاری بے اختیار مسکرا اٹھتا ہے، مگر اس مسکراہٹ کے پس منظر میں معاشرتی بے ترتیبی اور حقیقت کا ایک گہرا احساس بھی موجود رہتا ہے۔ پہلا قطعہ شہری ٹریفک کے افراتفری اور خامیوں سے بھرے نظام پر نہایت لطیف طنز ہے۔ شاعر نے مبالغے اور مزاح کے حسین امتزاج سے ایسا منظر تخلیق کیا ہے کہ ٹریفک کی سست روی خود ایک کردار بن جاتی ہے۔ یہ شہری ٹریفک کے کی بدانتظامی پر ایک بھرپور طنزیہ تبصرہ ہے۔ شاعر نے رفتار اور جمود کی ایسی متضاد کیفیت پیدا کی ہے کہ قاری ہنسی کے ساتھ ساتھ اس تلخ حقیقت کو بھی محسوس کرتا ہے کہ جدید شہری زندگی میں گاڑی کبھی کبھی انسان کی رفتار بڑھانے کے بجائے اس کی آزادی سلب کر لیتی ہے۔ یہی وہ مقام ہے جہاں مزاح، سماجی تنقید کی صورت اختیار کر لیتا ہے۔ ایک اور جگہ وہ فرماتے ہیں کہ:
کہا گرج کہ شاعر نے ایک ڈاکو سے
دکھا کے اس طرح پستول مت ڈرا مجھ کو
جو تجھ میں ہے ذرا ہمت تو بات غور سے سن
مشاعرہ تو کوئی لوٹ کر دکھا مجھ کو
یہ پرلطف قطعہ مزاحیہ شاعری کے میدان میں ایک نہایت منفرد تخیل کی مثال ہے۔ شاعر نے ڈاکو اور شاعر کو آمنے سامنے لا کر ایک ایسا غیر متوقع منظر پیدا کیا ہے جس میں مزاح اپنی انتہا کو پہنچا ہوا معلوم ہوتا ہے۔ عام طور پر ڈاکا بینک، بازار یا قافلوں پر ڈالا جاتا ہے، مگر شاعر کا یہ کہنا کہ ”جو تجھ میں ہے ذرا ہمت تو بات غور سے سن، مشاعرہ تو کوئی لوٹ کر دکھا مجھ کو” نہ صرف حیرت انگیز خیال آفرینی ہے بلکہ مشاعروں کی روایتی فضا، شعرا کی خودداری، سامعین کے ذوق اور ادبی ماحول کی نزاکت پر ایک نہایت شگفتہ طنز بھی ہے۔ گویا شاعر کے نزدیک مشاعرہ لوٹنا کسی خزانے کو لوٹنے سے بھی زیادہ دشوار کام ہے۔ اس سے مصرعے میں ادبی دنیا کی پوری نفسیات سمٹ آئی ہے۔
ان کی شگفتہ سخنوری کی سب سے نمایاں خوبی یہ ہے کہ ان کے ہاں مزاح سطحی قہقہوں تک محدود نہیں رہتا بلکہ مشاہدے کی گہرائی، خیال کی جدت اور طنز کی لطافت کے باعث ایک دیرپا ادبی تاثر چھوڑتا ہے۔ ان کی شوخی کبھی شائستگی کا دامن نہیں چھوڑتی، زبان رواں، برجستہ اور محاوراتی ہے، جبکہ اختصار کے باوجود ہر قطعہ ایک مکمل مزاحیہ منظرنامہ بن جاتا ہے۔ یہی خصوصیات معین اختر نقوی کو معاصر اردو مزاحیہ شاعری میں ایک منفرد اور باوقار مقام عطا کرتی ہیں۔ ان کی مزاحیہ نظمیں بھی ان کے کمال فن کا. ثبوت ہیں. اٹینشن ہوا معین، وبائےالیکشن، جمہوریت نامہ وغیرہ
اس مجوعے میں شامل ہر نظم ایسا ادبی شاہکار ہے کہ قاری عش عش کر اٹھتا ہے.
سید معین اختر نقوی کا مجموعہ کلام ”منکر نکیر‘‘ اردو مزاحیہ شاعری کا ایک اہم ستون ہے۔ اس میں فنی پختگی، شائستہ مزاح، اصلاحی فکر، تہذیبی شعور اور ادبی وقار یکجا نظر آتے ہیں۔ یہ مجموعہ قاری کو محظوظ کرنے کے ساتھ ساتھ اسے اپنے معاشرے، اپنے کردار، اور اپنے عہد پر غور و فکر کی دعوت بھی دیتا ہے۔ یہی بہترین مزاحیہ شاعر اور کامیاب ادبی تخلیق کار کی حقیقی پہچان ہے.











