’’ریڈ پاکستان‘‘ (Read Pakistan) کے زیر اہتمام سالانہ ’’نیشنل ریڈرز کانفرنس 2022ء‘‘ کا انعقاد

‎گذشتہ دنوں ’’ریڈ پاکستان‘‘ (Read Pakistan) کے زیر اہتمام پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس، اسلام آباد میں کتب بینی اور ادب کی مختلف اصناف کے فروغ کے لیے سالانہ تقریب ’’نیشنل ریڈرز کانفرنس 2022ء‘‘ کا انعقاد کیا گیا.
‎تفصیلات کے مطابق، ’’ریڈ پاکستان‘‘ (Read Pakistan) کے زیر اہتمام سالانہ ’’نیشنل ریڈرز کانفرنس 2022ء‘‘ کے پیش نامے کو معلوماتی، علمی اور تفریحی سرگرمیوں سے مزین کیا گیا جن میں کلیدی تقاریر، کتابوں کی رونمائی، کتابوں کے تبادلے کا پروگرام اور معاشرے میں کتب بینی کی اہمیت اور افادیت کو اجاگر کرنے کے لیے علمی نشستیں، قابل ذکر ہیں۔

‎اس سالانہ کانفرنس کے اغراض و مقاصد کے حصول کے لیے متعدد مشہور و معروف قومی اور بین الاقوامی مقررین کو مدعو کیا گیا جن میں سابق رکن اسمبلی علی محمد خان بطور مہمان خصوصی، شاعر انور مسعود، معروف اینکرتوثیق حیدر، ڈاکٹراشفاق ورک اور ڈاکٹر خالدالدوسری شامل تھے۔
‎تقریب کی نظامت کے فرائض قائداعظم یونیورسٹی، اسلام آباد کے ہونہاد طلبا نمرہ شوکت اور اسفند علی اسد نے مدبرانہ انداز میں ادا کیے.

معروف شاعرہ صدف رضا اور بورڈ ممبر جویریہ اسد نے علمی نشستوں کو متاثّر کن انداز میں کانفرنس کا حصہ بنایا۔ نشست کے مہمان مقررین پروفیسر ڈاکٹر جمیل النبی، وائس چانسلر یونیورسٹی آف واہ، پروفیسر ڈاکٹر عذرا یاسمین، وائس چانسلر (قائم قام) فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی، راولپنڈی، پروفیسر ڈاکٹر انس سرور قریشی، پرو وائس چانسلر یونیورسٹی آف ایگریکلچر، فیصل آباد، عثمان رضا جولاہا، محمد اسماعیل، حامد محمود اور سیدہ نمیرہ محسن نے کتب بینی کی افادیت پر سیر حاصل گفتگو کی۔ قائد اعظم یونی ورسٹی، اسلام آباد کی طالبات نے خوب صورت صوفی کلام پیش کیا۔

‎کتابوں کے اجراء کے سلسلہ میں چیئرمین ’’ریڈ پاکستان‘‘ (Read Pakistan) فرخ ڈال کی تصنیف ”ریڈ ریڈایبل‘‘ (Read Readable) اور سی ای او ’’ریڈ پاکستان‘‘ سیدہ فاطمہ گیلانی کی تصنیف ”قرآن از یور لائف‘‘ (Quran is Your Life) متعارف کروائی گئیں۔ شاعرہ صدف رضا نے اپنی تین کتابیں ”رائٹ می ان ریڈ‘‘، ”لائک اے سلیپ واکر‘‘ (Like a Sleepwalker) اور ”ان دی سپیس آف اے ڈریم‘‘ (In the Space of a Dream) کو بھی اس سلسلے کا حصہ بنایا اور حاضرین سے داد وصول کی۔

‎معروف شاعر انور مسعود نے اپنی شاعری کے ذریعے سماجی مسائل کو ہلکے پھلکے طنزیہ انداز میں بیان کرتے ہوئے تقریب کی خوب صورتی اور رعنائی کو تقویت بخشی جسے سامعین نے گرم جوشی سے پسند کیا۔ ریڈ پاکستان نے انہیں ان کی نمایاں شرکت پر اپنا خصوصی ’’ریڈ پاکستان اعزازی ایوارڈ‘‘ پیش کیا۔
’’ریڈ پاکستان‘‘ نے صوبہ پنجاب کی آٹھ نمایاں جامعات اور خیبر پختون خوا کے پانچ سکولوں کی باہمی شراکت سے پچاس کتابوں کی کتب بینی کے مقابلہ کا انعقاد کیا تھا جس میں فاسٹ نیشنل یونیورسٹی، فیصل آباد، فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی، راولپنڈی، گورنمنٹ کالج یونیورسٹی ویمن، فیصل آباد، گورنمنٹ کالج یونیورسٹی، فیصل آباد، محی الدین اسلامک یونیورسٹی، آزاد کشمیر، راولپنڈی ویمن یونیورسٹی، راولپنڈی، یونیورسٹی آف ایگریکلچر، فیصل آباد اور یونیورسٹی آف واہ، واہ کینٹ کے طلبا نے حصہ لیا۔ ’’نیشنل ریڈرز کانفرنس 2022ء‘‘ کے اس مقابلہ میں کامیابی حاصل کرنے والے طلبا کو ان کی غیر معمولی کارکردگی پر اعزازی اسناد دے کر حوصلہ افزائی کی گئی۔ کتب بینی کے مقابلہ کا اول انعام جی ایچ ایس ایس کوٹیگرام دیر لوئر کے منصور احمد نے حاصل کیا۔
’’ریڈ پاکستان‘‘ نے اپنے قومی اور بین الاقوامی ممبران بشمول سائبر ٹیم، بورڈ ممبران اور دیگر ارکان کو اعزازی شیلڈز پیش کیں جو اس تنظیم کے مقصد کو آگے بڑھانے کے لیے تندہی کے ساتھ کوشاں رہے۔

‎تقریب کے اختتام پر چئیرمین ’’ریڈ پاکستان‘‘ فرخ ڈال اور صدر سیدہ فاطمہ گیلانی نے حاضرین اور مقررین سمیت تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا. ساتح ہی مہمانان کو یادگاری شیلڈز پیش کی گئیں۔ تمام شرکاء نے ’’ریڈ پاکستان‘‘ کی کاوشوں کو سراہا اور اس پُر اثّر اور بامقصد تقریب کے انعقاد پر مبارک باد پیش کی۔

رپورٹ: جویریہ اسد

اپنا تبصرہ بھیجیں